چار ماہ گذرنے کے باوجود ٹی او آئی اور سب انجینئر کی خالی پوسٹوں پر عدم تعیناتی کے خلاف تحصیل کونسل اوگی کے ارکان کا احتجاج

منگل 21 مئی 2019 14:51

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) تحصیل کونسل اوگی کے اجلاس میں صوبائی حکومت کی جانب سے چار ماہ سے زائد کا عرصہ گذرنے کے باوجود اوگی جیسی بڑی ٹی ایم او میں ٹی او آئی اور سب انجینئر کی خالی پوسٹوں پر عدم تعیناتی، بعض ٹھیکیداروں کی من مانیوں، اوگی فلٹریشن پلانٹس سے استفادہ نہ ہونے کے خلاف ممبران پھٹ پرے، ممبران نے نامکمل منصوبوں پر فوری عمل درآمد اور غافل ٹھیکیداروں کے خلاف اینٹی کرپشن سے رجوع کا مطالبہ کر دیا۔

دربند ٹی ایم اے کی حدود میں واقعہ چکل، پھلدار سے ریت لے جانے والی گاڑیوں پر ٹی ایم اے ٹیکس کے نفاذ کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی گئی، نظرثانی شدہ بجٹ میں مختلف مد میں ردوبدل پر بھی اتفاق کر لیا گیا۔ اس سلسلہ میں تحصیل کونسل کا اجلاس زیر صدارت سپیکر شوکت اعوان منعقد ہوا جس میں تحصیل ناظم اوگی راجہ بشیر، ٹی ایم او سید آفتاب الاسلام شاہ، ٹی او علی احمد، ٹی او آر عامر شہزاد اعوان بھی موجود تھے جبکہ اپوزیشن لیڈر جمال علوی، منیر تنولی، حافظ یونس، حبیب بسی خیل، چیئرمین نورالرحمن، غلام اکبر شمس اور دیگر ممبران تحصیل کونسل نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

جمال علوی اور حبیب بسی خیل نے کہا کہ ٹی ایم اے چند ٹھیکیداروں کی وجہ سے بری طرح متاثر ہے مگر تحصیل ناظم اور ٹی ایم ا او بھی ان کے سامنے بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں مگر ہم ٹی ایم او کو مزید ٹھیکیداروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، ہم اینٹی کرپشن سے بھی رجوع کر رہے ہیں اور نیب کے پاس بھی جائیں گے تاکہ جس کسی نے بھی قومی دولت پر ہاتھ صاف کئے ہیں اس کا احتساب ہو سکے۔ جملہ ممبران نے افسوس کا اظہار کیا کہ چار ماہ سے اوگی ٹی ایم اے جو ساتھ دربند ٹی ایم اے کو بھی چلا رہی ہے، میں ٹی او آئی اور سب انجینئر کی پوسٹیں خالی ہیں۔ تحصیل ناظم اور ٹی ایم او پشاور کے پاس چکر لگا کر ہم تھک چکے ہیں مگر محکمہ بلدیات کے حکام کو سرے سے کوئی پرواہی ہی نہیں ہے۔