Live Updates

وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری

کابینہ نے ” کامیاب جوان ” پروگرام کی اصولی منظوری دے دی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 21 مئی 2019 14:27

وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 مئی۔2019ء) وفاقی کابینہ نے ” کامیاب جوان ” پروگرام کی اصولی منظوری دے دی ہے، عثمان ڈار نے کہا نوجوانوں حکومتی منصوبے سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار ہو جائیں، کامیاب جوان پروگرام ملک کے نوجوانوں کی قسمت بدل سکتا ہے. تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے ، نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے مشن میں بڑی کامیابی مل گئی ، وفاقی کابینہ نے “کامیاب جوان” پروگرام کی اصولی منظوری دے دی.

(جاری ہے)

معاون خصوصی برائے یوتھ افئیرز عثمان ڈار نے ویڈیو بیان جاری کیا، جس میں کہا ملک بھر کے نوجوانوں کے لیے اچھی اور بڑی خبر ہے، وزیراعظم کے بعد کابینہ نے پروگرام کی توثیق کر دی، مشکل معاشی حالات کے باوجود 100 ارب مختص کر دیے گئے ہیں. عثمان ڈار نے کہا کہ کابینہ سے خطیر رقم کی منظوری نوجوانوں کی بڑی کامیابی ہے، گزشتہ 8 ماہ کی انتھک محنت کے بعد جامع پروگرام تشکیل دیا گیا ہے، 10 لاکھ نوجوان براہ راست پروگرام سے مستفید ہو سکیں گے.

معاون خصوصی برائے یوتھ افئیرز نے کہا پروگرام سے وزیراعظم کے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کا مشن آگے بڑھائیں گے، نوجوانوں حکومتی منصوبے سے فائدہ اٹھانے کے لئے تیار ہو جائیں، کامیاب جوان پروگرام ملک کے نوجوانوں کی قسمت بدل سکتا ہے. یاد رہے 17 مئی کو وزیراعظم عمران خان نے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار سے ملاقات میں کامیاب جوان پروگرام کی منظوری دی تھی، وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پروگرام نوجوانوں کوبا اختیار، روزگارکی فراہمی کا منصوبہ ہے، حکومت نوجوانوں کی فلاح وبہبود کے لیے ہرممکن کوشش کرے گی، ملک کی تعمیروترقی میں نوجوانوں کا کردارنظراندازنہیں کر سکتے.

عثمان ڈار نے کہا کہ وزیراعظم کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع، تعلیم اور ہنرمند بنانے کے لیے مختلف اسکیمیں متعارف کروائی جائیں گی، نوجوانوں کی ترقی سے متعلق بنیادی خاکہ مرتب کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ایک نیشنل یوتھ کونسل بھی تشکیل دی جاچکی ہے. انہوں نے بتایا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعظم یوتھ پورٹل تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت نوجوانوں سے ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے رائے اور تجاویز حاصل کی جاسکیں گی.

اس سے قبل 18 جنوری کو حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بارنوجوانوں سے متعلق قومی سروے کرانے کا فیصلہ کیا تھا اور عثمان ڈار نے”کامیاب نوجوان” کے نام سے منصوبے کی منظوری دی تھی، پروگرام کا باقاعدہ آغاز وزیراعظم عمران خان خود کریں گے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات