علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کوکرغزستان انٹرنیشنل یونیورسٹی کی جانب سے پروفیسر کی اعزازی ڈگری

منگل 21 مئی 2019 14:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) کرغزستان انٹرنیشنل یونیورسٹی کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین نے اکیڈمک بورڈ کے فیصلے کی روشنی میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کوپروفیسر کی اعزازی ڈگری عطا کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمہوریہ کرغز کے دارالحکومت بشکیک میںقائم کرغزستان انٹرنیشنل یونیورسٹی میںاوپن یونیورسٹی کے قائم کردہ ’’فاصلاتی نظام تعلیم‘‘ کے انسٹی ٹیوٹ کے روڈ میپ کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کو قومی و بین الاقوامی سطح پر شاندار تعلیمی خدمات کے اعتراف میںکرغزستان انٹرنیشنل یونیورسٹی نے پروفیسر کی اعزازی ڈگری جاری کردی ہے۔

وائس چانسلر نے گزشتہ روز جمہوریہ کرغزستان نائب وزیر تعلیم کے ساتھ ملاقات میں کرغز کی اوش یونیورسٹی میں بھی سنٹر قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اوپن یونیورسٹی افریقہ، مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیائی ریاستوں میں بھی اوپن ڈسٹن لرننگ کے مراکز قائم کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔ بشکیک میں پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترنگزی کے ساتھ الگ ملاقات میں ڈاکٹر ضیاء القیوم نے اوپن یونیورسٹی کے بین الاقوامی تعاون کے منصوبے پر بریفنگ دی۔ سفیر نے کرغزستان کے طلبہ کو داخلہ فیس میں رعایت فراہم کرنے پر وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا۔ وائس چانسلر نے سفیر کی خواہش پر کرغزستان انٹرنیشنل یونیورسٹی میں اردو لینگوئج سینٹر کے قیام کی یقین دہانی کرائی۔