باغبان گرمیوں میں چھوٹے پودوں کو ہفتہ میں دوبار، بڑے پودوں کو8 سے 10 دن وقفہ سے پانی لگائیں، ماہرین زراعت کی ہدایت

منگل 21 مئی 2019 14:58

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) ماہرین زراعت نے کہاہے کہ باغبان گرمیوں میں چھوٹے پودوں کو ہفتہ میں دوبار جبکہ بڑے پودوں کو8 سے 10 دن وقفہ سے پانی لگائیں اور جون کے مہینہ میںپھل دار پودوں کے تنوں کو نیلے تھوتھے و چونے کے محلول سے سفید ی کرکے تنے کوگرمی کے مضر اثرات سے محفوظ بھی بنائیں۔ ایک ملاقات کے دوران انہوںنے کہاکہ باغبان موسم گرما میں پھلدار پودوں خصوصاً چھوٹے پودوں کو زیادہ درجہ حرات اور گرم ہوا سے محفوظ بنانے کیلئے ان کی مناسب نگہداشت کریں ۔

انہوںنے بتایاکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں جون سے جولائی کے درمیان سخت گرمی پڑتی ہے اورگرم ہوائوں و لو کے اثر سے چھوٹے و بڑے پودوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے ، پھل جھلس جاتا ، چھلکا پھٹ جاتا اور پھل کی کوالٹی بری طرح متاثر ہوتی ہے، ضیائی تالیف کا عمل متاثر ہونے کی وجہ سے پودوں میں خوراک بنانے کے عمل میں بھی رکاوٹ پیدا ہوتی ہے جس سے پھل کا کیرا بڑھ جاتا ہے لہٰذا باغبان پھل دار پودوں کو گرمی کے اثرات سے محفوظ کرنے کیلئے پودوں کے گھیرے میں ہلکی گوڈی کرکے سطح زمین کو چار سے چھ انچ گھاس کی موٹی تہہ سے ملچنگ کریں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ نرسری سے نئے پودے لاتے وقت اس بات کا خیال رکھاجائے کہ پیوند کی اونچائی 12سے 15 انچ ہو کیونکہ زیادہ اونچا پیوند دھوپ اور گرمی کی زد میں آنے سے کمزور ہوجاتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ باغبان باغوں کے گرد جامن ،کچنار، تخمی آم اور بیر ہوا توڑ باڑکے طورپر کاشت کریں، چھوٹے پودوں کو گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے سرکنڈا یا پرالی سے ڈھانپ دیں ۔اسی طرح پھل کو گرمی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے جنوب مغربی حصے کی طرف جنتر کی باڑ لگا دیں۔انہوںنے کہاکہ مالٹا، سنگترہ اور نمو کے پھل جن پر سورج کی گرم شعاعیں براہ راست پڑتی ہوں ان پر سادہ پانی کا سپرے بھی کیاجائے۔