ترشاوہ پھلوں کی اچھی پیداوار کے حصول کیلئے کھادوں کے مناسب و متناسب استعمال کی ضرورت ہے، ماہرین زراعت

منگل 21 مئی 2019 14:58

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء)ماہرین زراعت نے ترشاوہ پھلوں کے باغبانوں کو پھل کی اچھی پیداوار کے حصول کیلئے باغات میں کھادوں کے مناسب اور متناسب استعمال کی ہدایت کی ہے۔ ایک ملاقات کے دوران انہوںنے کہا کہ ترشاوہ پھلوں کی اچھی پیداوار کیلئے کھادوں کا استعمال بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ غذائی عناصر کی کمی بیشی ترشاوہ پھلوں کی صحت، نشو ونما، پیداوار اور معیار پر برے اثرات مرتب کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ پودے کو جن غذائی اجزاء کی ضرورت ہوتی ہے ان میںنائٹروجن سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔ انہوںنے کہا کہ نائٹروجن کھاد پودے کی بڑھوتری اور اس کی نشو ونما میں بھر پور معاونت فراہم کرتی ہے علاوہ ازیں نائٹروجنی کھاد کا استعمال ترشاوہ پھلوں کے پودوں میں کلوروفل بنانے میں بھی معاونت کرتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پھول اور پھل کے بننے ، پھل کی بڑھوتری اور اس کے معیار کیلئے نائٹروجنی کھاد کا بروقت استعمال ضروری ہے۔ انہوںنے کہا کہ اگر باغبان کھادوں کا مناسب استعمال کرنے سے غفلت برتیں گے تو انہیں کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس ضمن میں باغبان حضرات محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔