دُبئی: خاتون اور مرد پر مشتمل ڈکیت گینگ پکڑا گیا

کئی وارداتوں میں ملوث دونوں ڈکیتوں کا تعلق متحدہ عرب امارات سے ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 21 مئی 2019 14:57

دُبئی: خاتون اور مرد پر مشتمل ڈکیت گینگ پکڑا گیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،21 مئی 2019ء) دُبئی پولیس کی جانب سے ایک خاتون اور ایک مرد پر مشتمل ڈکیت گینگ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دونوں کا تعلق متحدہ عرب امارات سے ہے۔ استغاثہ کی جانب سے بتایا گیا کہ ایک فلپائنی خاتون نے بتایا کہ وہ جمیرہ کے علاقے میں کھڑی تھی۔ جب ایک کار اُس کے پاس آ کر رُکی۔ اُس میں سے ایک خاتون اور ایک مرد باہر آیا۔

دونوں نے خود کو سی آئی ڈی کا اہلکار ظاہر کرتے ہوئے مجھے گاڑی میں بیٹھنے کو کہا۔ گاڑی زبردستی بٹھانے کے بعد انہوں نے پہلے میرے سر پر زور سے ہاتھ مارااور پھر مجھ سے میرا پرس مانگا۔ اسے چیک کرنے کے بعد مجھے پُوچھنے لگے کہ کیا میں نے شراب پی رکھی ہے۔ جب میں نے اس بات سے انکار کیا تو انہوں نے میرا پرس گاڑی سے باہر پھینک دیا اور مجھے کہا کہ گاڑی سے باہر نکل کر اپنا پرس اُٹھالو۔

(جاری ہے)

جونہی میں نے گاڑی سے باہر آکر اپنا پرس اُٹھایا تو دونوں مرد خاتون گاڑی تیزی سے بھگا کر موقع سے فرار ہو گئے۔ میں نے ان کی گاڑی کا رجسٹریشن نمبر دیکھ لیا۔ پھر میں نے اپنا پرس چیک کیا تو اس میں سے پیسے غائب تھے۔ مجھے سب معاملہ سمجھ آ گیا۔ میں فوری طور پر بُر دُبئی پولیس اسٹیشن گئی اور وہاں اس واقعے کی رپورٹ درج کروا دی۔ پانچ دِن بعد مجھے پولیس کی جانب سے پولیس اسٹیشن بُلایا گیا جہاں میں نے ملزمان کو شناخت کر لیا۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ ملزمان کی کار پر درج نمبر پلیٹ سے پتا چلا کہ وہ پہلے بھی ایک ڈکیتی کی واردات انجام دے چکے ہیں۔ دونوں ملزمان نے پولیس کے رُوبرو اپنے جُرم کا بھی اعتراف کر لیا تھا۔ اس مقدمے کا فیصلہ 13جُون 2019ءکو سُنایا جائے گا۔