تربوز کا استعمال جسم میں نمکیات اور پانی کی کمی پوری کرنے کا بہترین اور سستا ذریعہ ہے، ماہرین صحت

منگل 21 مئی 2019 15:30

تربوز کا استعمال جسم میں نمکیات اور پانی کی کمی پوری کرنے کا بہترین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) ماہرین صحت نے کہا ہے کہ تربوز کا استعمال رمضان المبارک میں انسانی جسم میں نمکیات اور پانی کی کمی پوری کرنے کا بہترین اور سستا ذریعہ ہے۔ افطاری کے وقت تربوز کا استعمال صحت کے لئے بہت زیادہ مفید ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رمضان کی آمد کے ساتھ ہی تربوز روائتی انداز میں بڑے بڑے اسٹالوں کی شکل میں فروخت ہونا شروع ہو گیا، اسلام آباد کی کئی اہم شاہراہوں اور فٹ پاتھوں پر تربوزوں کے اسٹالوں میں اضافہ ہو گیا۔

گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی تربوز کی آمد میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ شہریوں کی سہولت کے لئے تربوز کے اسٹال شہر کے مختلف علاقوں سمیت اہم سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر لگائے گئے ہیں جہاں مختلف نرخوں پر تربوز دستیاب ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اکرام ترمذی نے کہا کہ گرمیوں کے موسم میں جسم میں پانی کی کمی ہو جاتی ہے اور روزہ دار خاص طور پر جو دن کے وقت کام کرتے ہیں کے جسم میں پانی کی شدید کمی ہو جاتی ہے جسے پورا کرنے کے لئے تربوز ایک سستا اور بہترین ذریعہ ہے۔

انہوں نے روزہ داروں پر زور دیا کہ وہ روزانہ کی بنیادوں پر افطاری میں تربوز کا استعمال کریں جو ان کی صحت کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ تربوزوں کے اسٹال ستارہ مارکیٹ، آب پارہ، میلوڈی، جی نائن، جی ایٹ، آئی ایٹ سمیت شہر کے کئی اہم ترین علاقوں میں لگائے گئے ہیں۔ ستارہ مارکیٹ میں واقع تربوز کے اسٹال پر اکثر شہری تربوز کی خریداری میں مصروف نظر آئے۔