جموں و کشمیر کولیکشن آف سول سوسائٹی کی رپورٹ عالمی برادری کی آنکھیں کھولنے کی کافی ہے،رضا ربانی

منگل 21 مئی 2019 15:31

جموں و کشمیر کولیکشن آف سول سوسائٹی کی رپورٹ عالمی برادری کی آنکھیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) سابق چیئرمین سینٹ سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی قابض افواج کے ہاتھوں شہریوں پر وحشیانہ تشدد کے حوالہ سے جموں و کشمیر کولیکشن آف سول سوسائٹی کی رپورٹ عالمی برادری کی آنکھیں کھولنے کی کافی ہے، نہتے اور معصوم شہریوں پر جبر و تشدد قابل مذمت ہے۔

منگل کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کیلئے اپنی مختلف قراردادوں پر عملدرآمد میں ناکام ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت ہلاکتوں، جبر و تشدد، آبرو ریزی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق رپورٹوں اور واقعات کی آزادانہ بین الاقوامی تحقیقات میں بھی ناکام ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ہاتھ معصوم اور نہتے کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اور بھارت مقبوضہ کشمیر میں عالمی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا نے دوہرا معیار اپنا رکھا ہے، مسلم ممالک کے خلاف تو اقتصادی پابندیاں عائد کر دی جاتی ہیں لیکن بھارت جس نے دہشت گردی اور تشدد کو ریاستی پالیسی بنایا ہوا، کو کھلی چھوٹ دیدی گئی ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ بھارت کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کیلئے اقدامات اور جارحانہ حکمت عملی اختیار کرے۔