Live Updates

اپوزیشن کا اتحاد ناکام ہو چکا حکومت پانچ سال پورے کرے گی‘

جن چیلنجز کا سامنا ہے وہ تحریک انصاف کی حکومت کے پیدا کردہ نہیں‘ ٹورازم کے شعبہ کو فروغ دے کر کثیر زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے‘ سکھ یاتریوں کو بابا گورونانک کے جنم دن پر مثالی سہولیات فراہم کی جائیں گی‘ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 21 مئی 2019 16:18

اپوزیشن کا اتحاد ناکام ہو چکا حکومت پانچ سال پورے کرے گی‘
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا اتحاد ناکام ہو چکا ،ْ انتخابات کے بعد ہارنے والا جیتنے والے کو تسلیم نہیں کرتا لیکن کوئی تسلیم کرے نہ کرے حکومت اپنے پانچ سال پورے کرے گی‘ تحریک انصاف کی حکومت اپنے منشور پر مکمل عملدرآمد کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو آئندہ پانچ سال بھی تحریک انصاف کی حکومت ہی ہوگی۔

وہ منگل کوگورنر ہائوس لاہور میں بابا گورونانک کے 550 ویں جنم دن کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ،ْ اس موقع پر سکھ رہنمائوں سردار بشن سنگھ ،ْ گیانی گوبند سنگھ سمیت جابز اینڈ جی ٹی اے ڈاٹ کام کے ڈائریکٹر عامر خان ،ْ معروف صحافی امجد اسلام امجد اور مختلف شخصیات موجود تھیں۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن کے اتحاد بنتے رہتے ہیں لیکن اپوزیشن کی حالیہ میٹنگ کے بعد الگ الگ احتجاج کرنے کے بیانات سے ثابت ہوتا ہے کہ ان کا اتحاد ناکام ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم اپوزیشن کے ایسے بیانات کو سنجیدہ نہیں لیتے ،ْ عوام نے تحریک انصاف کو پانچ سال کیلئے منتخب کیا ہے‘ ملک میں موجود چیلنجز کے باوجود گیلپ سروے میں عوام نے وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کیا ہے اور عوام جانتی ہے کہ اس وقت جن چیلنجز کا سامنا ہے وہ تحریک انصاف کی حکومت کے پیدا کردہ نہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں جب بھی الیکشن ہوتا ہے جیتنے والے کو ہارنے والا تسلیم نہیں کرتا لیکن کوئی تسلیم کرے یا نہ کرے ،ْ موجودہ حکومت اپنے پانچ سال پورے کرے گی ،ْ چودھری محمد سرور نے کہا کہ بابا گورونانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر دنیا میں امن کے پیغام کو عام کرنے کیلئے ستمبر میں ٹورنٹو کینیڈا سے کرتارپور اور سلطان پور لودھی کیلئے قافلہ روانہ ہوگا جو لندن ،ْ سویٹزر لینڈ ،ْ آسٹریا ،ْ ترکی ،ْ ایران سے ہوتا ہوا کرتا پور پہنچے گا اور پھر سلطان پور لودھی انڈیا جائے گا۔

گورنر نے بتایا کہ دنیا کے 9 ممالک میں یہ قافلہ جائے گا جس کا ہر ملک میں سکھ برادری ،ْ پاکستان برادری اور لوکل کمیونٹی کے لیڈرز استقبال کریں گے جبکہ اس قافلہ کو ٹورنٹو میں ارکان پارلیمنٹ اور میئرز الوداع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستان اپنے ملک سے محبت کرتے ہیں اور ہر سال 20 ملین ڈالر پاکستان بھیجتے ہیں اور جب بھی پاکستان کو ضرورت پڑتی ہے وہ صف اول میں کھڑے ہوتے ہیں ،ْ گورنرنے کہا کہ کرتار پور راہداری کھولنے کے حکومت پاکستان کے فیصلے کو دنیا کی سکھ برادری نے سراہا ہے اور یہ سکھ برادری کا 70 سال سے مطالبہ تھا ،ْ اب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سکھ برادری کو ویزا کی سہولت سمیت دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں ،ْ انہوں نے کہا کہ دنیا میں مذہبی سیاست عروج پر ہے اس سلسلہ میں تشکیل دی گئی کمیٹی کے چار اجلاس ہو چکے ہیں اور یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ سکھ برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دی جائیں اور یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ ننکانہ ریلوے اسٹیشن سے جنم استھان تک راستہ ریلوے ٹریک کے ساتھ ساتھ بنا رہے ہیں ،ْ گورنر نے بتایا کہ گورونانک کی 101 ایکڑ رقبہ پر ڈویلپمنٹ کا تاثر غلط ہے اس مقصد کیلئے 1493 ایکڑ اراضی حکومت نے مختص کی ہے اور جن اراضی مالکان سے اراضی لی گئی ہے ان کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضہ کی ادائیگی کیلئے پنجاب حکومت کو کہا ہے ،ْ چودھری سرور نے کہا کہ اس دفعہ بابا گورونانک کے 550 ویں جنم دن پر انتظامات مثالی ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تین طبقات ملک کو چیلنجز سے نکال سکتے ہیں جن میں میڈیا سرفہرست ہے ،ْ اس سلسلہ میں یونیورسٹیز اور علماء اکرام بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ،ْ گورنر نے کہا کہ ترکی ٹوارسٹ انڈسٹری سے 40 ارب ڈالر کما رہا ہے ،ْ اسی طرح پاکستان میں بھی سکھوں ،ْ ہندوئوں ،ْ بدھوں ،ْ عیسائیوں کے مذہبی مقامات ہیں اگر حکومت کی ٹھوس پالیسیوں پر عملدرآمد ہوتا رہا ہے تو چار سے پانچ سالوں میں تین سے پانچ بلین ڈالر کی ٹورازم پاکستان میں آئے گی ،ْ گورنر نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام مہمان نواز ہیں اس لئے پاکستان سے لوگ جب اپنے ملکوں میں واپس جاتے ہیں تو یہ ہمارے سفیر بن جاتے ہیں ،ْ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت جہاں جہاں بھی اقلیتیں ہیں ان کی حکومتوں کو انہیں حقوق فراہم کرنے چاہئیں ،ْ چودھری سرور نے کہا کہ ہمیں زمینی سرحدوں کے ساتھ ساتھ قلبی اور ذہنی سرحدوں کو نفرتوں اور کدورتوں سے پاک کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا میں امن قائم ہو سکے‘ اگر ہم وطن عزیز میں انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنائیں گے تو امن قائم ہو سکتا ہے۔

اس موقع پر جابز اینڈ جی ٹی اے ڈاٹ کام کے ڈائریکٹر عامر خان نے بتایا کہ بابا گورونانک کے 550 ویں جنم دن کے سلسلہ میں کینیڈا سے ستمبر میں بذریعہ سڑک قافلہ کرتارپور کیلئے روانہ ہو گا جس کو ورلڈ وائیڈ سیٹلائٹ کے ذریعے دکھایا جائے گا۔ اس موقع پر سردار بشن سنگھ اور گیانی گوبند سنگھ نے کہا کہ کرتارپور راہداری کھولنے کے پاکستانی حکومت کے اقدام پر دنیا بھر کی سکھ برادری خوش ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات