رواں مالی سال9 ماہ میں بجٹ خسارہ1922 ارب سے تجاوز کرگیا

جولائی تا مارچ کل آمدن3583 ارب 73 کروڑاوراخراجات 5506 ارب روپے رہے، ٹیکس آمدن 3162 ارب رہی،دفاع پر774 ارب روپے خرچ کیے گئے۔وزارت خزانہ کےمالیاتی آپریشن کے اعدادو شمارجاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 21 مئی 2019 16:24

رواں مالی سال9 ماہ میں بجٹ خسارہ1922 ارب سے تجاوز کرگیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 مئی 2019ء) وفاقی وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ مالی سال کے9 ماہ میں بجٹ خسارہ 1922 ارب روپے سے تجاوز کرگیا، جولائی تا مارچ کل آمدن3583 ارب 73 کروڑاوراخراجات 5506 ارب روپے رہے، ٹیکس آمدن 3162 ارب رہی، دفاع پر774 ارب روپے خرچ کیے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت خزانہ نے جولائی2018ء سے مارچ 2019ء تک مالیاتی آپریشن کے اعدادو شمار جاری کردیے ہیں۔

جس کے تحت مالی سال کے9 ماہ میں بجٹ خسارہ 1922 ارب روپے سے تجاوز کرگیا ہے۔ وزارت خزانہ نے بتایا کہ جولائی سے مارچ تک کل آمدن 3583 ارب 73 کروڑ روپے رہی۔ رواں مالی سال کے نوماہ میں ٹیکس آمدن 3162 ارب روپے رہی۔ اسی طرح وفاق نے جولائی سے مارچ تک 2874 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کیا۔ وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال مارچ تک صوبوں نے 287ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کیا۔

(جاری ہے)

جولائی سے مارچ تک کل اخراجات 5506 ارب روپے رہے۔ رواں مالی سال مارچ تک سود ادائیگیوں پر 1459 ارب روپے خرچ کیے گئے۔ وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال مارچ تک دفاع پرصرف 774 ارب روپے خرچ کیے گئے۔ دوسری جانب اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں غیر ملکی براہ راست سرمایہ میں 51 فیصد سے زائد کمی واقع ہوئی ہے. اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا اپریل کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ایک ارب 37 کروڑ 61 لاکھ ڈالر رہی جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی دورانیے میں 2 ارب 84 کروڑ 91 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی ، اس طرح رواں برس کے ابتدائی 10 ماہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 51.7 فیصد کم رہی اپریل 2019 میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 10 کروڑ 18 لاکھ ڈالر تک محدود رہی. مرکزی بینک کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ میں اسٹاک مارکیٹ میں کی جانے والی پورٹ فولیو سرمایہ کاری گزشتہ سال کے مقابلے میں 200 فیصد کم رہی ،جولائی تا اپریل کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں نے اسٹاک مارکیٹ سے40 کروڑ 81 لاکھ ڈالر نکال لیے۔