آزادجموں وکشمیر تحفظ ماحولیات ایجنسی اور اسلامک ریلیف پاکستان کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط

منگل 21 مئی 2019 16:39

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) آزادجموں وکشمیر کے قدرتی ماحول کے بچائو اور موسمی تغیرات کے اثرات کو کم کرنے کے حوالہ سے شعور و آگاہی کی فراہمی کے سلسلہ میں آزادجموں وکشمیر تحفظ ماحولیات ایجنسی اور اسلامک ریلیف پاکستان کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوگئے۔سیکرٹری بہبود آبادی و ڈائریکٹر جنرل ماحولیات راجہ محمد رزاق اور اسلامک ریلیف پاکستان کی جانب سے مسٹر غلام رضا نریجو (پروگرام ہیڈ )نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے۔

سیکرٹری بہبود آبادی و ڈائریکٹر جنرل تحفظ ماحولیات ایجنسی راجہ محمد رزاق خان نے اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے کہا کہ اسلامک ریلیف پاکستان کی خطہ آزادکشمیر کے قدرتی وسائل اور قدرتی ماحول کے بچانے کی کاوشوں کو سراہا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ سول سوسائٹی ، NGOاور حکومتی محکمہ جات کو باہمی اشتراک سے قدرتی ماحول کے بچائو کے لیے منظم طریقے سے کاوش کرنی چاہیے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ غیر تحلیل پذیر شاپنگ بیگ کا استعمال آبی او ر زمینی ماحول پر لامحدود منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔ جس کی وجہ سے انسانی صحت اور آبی حیات کی بقا خطرے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان کا عالمی آلودگی میں حصہ بہت کمی ہے لیکن اس آلودگی کی وجہ سے پڑنے والے موسمی تغیرات /اثرات کے حوالہ سے دنیا کے پہلے دس متاثرہ ممالک میں شمار ہوتا ہے اور پاکستان میں ان اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونیو الے علاقے شمالی علاقہ جات اور آزادکشمیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ان اثرات کو زائل کرنے کے لیے اجتماعی کاوش کرنی چاہیے۔ پروگرام ہیڈ اسلامک ریلیف مسٹر رضا نریجو نے شرکائے تقریب سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ماحول کا تحفظ ایک مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اسلامک ریلیف پاکستان خطہ آزادکشمیر کے قدرتی ماحول کو بچانے کے لیے عوام میں شعو ر وآگاہی کی مہم تحفظ ماحولیات ایجنسی کے اشتراک سے شروع کرے گی اور اس خطہ کے قدرتی ماحول کے بچائو کے لیے ایک مفصل حکمت عملی اختیار کرے گی۔ اس موقع پر آصف رضا میرصدر ماحولیات جرنلسٹس فورم، نصیر انور جائنٹ سیکرٹری سنٹرل پریس کلب ، سرفراز احمد میر سینئر صحافی ، کاشف جاوید ،فدا حسین و دیگر نے بھی خطاب کیا۔