وہاڑی: بااثر زمیندار کے غنڈوں نے بلاوجہ غریب محنت کش پر دھاوا بول دیا

بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے غریب نوجوان کو زخمی کردیا، اور جھوٹا پرچہ بھی کروا دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 21 مئی 2019 16:48

وہاڑی: بااثر زمیندار کے غنڈوں نے بلاوجہ غریب محنت کش پر دھاوا بول دیا
وہاڑی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،21 مئی 2019ء، نمائندہ خصوصی، منور حُسین رجانہ) نواحی علاقہ تھانہ لڈن کی حدود موضع مغلہ کے رہائشی عالم شیر نامی غریب شخص کو ارشد گجر نامی بااثر زمیندار کے غنڈوں نے راستے سے جانور گزارنے پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناڈالا۔ جس کے باعث عالم شیر شدید زخمی ہو گیا جبکہ ملزمان نے اُسے کافی دیر تک حبس بے جا میں بھی رکھا۔

اس کے بعد بھی ان ظالموں کو اس غریب پر رحم نہ آیا۔ بااثر زمیندار نے اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے پولیس کی ملی بھگت سے تھانہ لڈن کی حدود سے بھی باہر تھانہ بخشن خان میں اُلٹا متاثرہ شخص کے خلاف ہی من گھڑت اور جھوٹا مقدمہ درج کروادیاہے۔جبکہ متاثرہ شخص نے تشدد کرنیوالے بااثر زمیندار اور اسکے غنڈوں کے خلاف تھانہ لڈن میں تحریری درخواست دے رکھی ہے جس پر تاحال کوئی کارروائی نہ ہوسکی ہے اور متاثرہ شخص انصاف کی تلاش میں دھکے کھانے پر مجبور ہے۔

(جاری ہے)

پولیس اس معاملے میں مبینہ طور پر ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے تاکہ درخواست دہندہ عالم شیر تھک ہار کر خود ہی مقدمہ درج کروانے سے پیچھے ہٹ جائے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ تشدد کرنیوالا بااثر شخص علاقے کی خاتون لیگی ایم این اے کا سسر ہے جو اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غریبوں پر ظلم کررہا ہے۔ متاثرین نے وزیر اعلی پنجاب،آر پی او ملتان اور ڈی پی او وہاڑی سے نوٹس لیتے ہوئے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔