بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے، ایک ہفتہ میں درجن سے زائد کشمیری نوجوانوں کا قتل عام انسان بڑے انسانی المیہ سے کم نہیں،

اقوام متحدہ کے ادارے کی خاموشی سے درندگی دن بدن بڑھ رہی ہے،سپیکرآزاد کشمیر شاہ غلام قادر

منگل 21 مئی 2019 17:28

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ ایک ہفتہ میں درجن سے زائد کشمیری نوجوانوں کا قتل عام انسان دوست قوتوں اور عالمی برادری سمیت اقوام متحدہ کے ادارے کے لیئے بڑے انسانی المیہ سے کم نہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارے کی خاموشی سے درندگی دن بدن بڑھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

رمضان کے مہینے میں عبادات پر پابندی اور نوجوانوں کے قتل عام پر ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو گہری تشویش ہے۔ سپیکر اسمبلی نے کہا کہ اقوام متحدہ کا ادارہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کروانے کے لیئے فوری اقدامات کرے اور بھارت کو مجبور کیا جائے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کی جانب آئے ورنہ حالات پورے خطے کی تباہی کا باعث بنیں گے۔ سپیکر اسمبلی نے حریت قائدین کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت کی یہ بھول ہے کہ وہ طاقت سے کشمیریوں کو غلام بنا کر رکھے گا۔ شہداء کا خون رنگ لائے گا اور جلد کشمیری عوام آزاد فضائوں میں سُکھ کا سانس لیں گے۔