بجلی چوری میں معاونت فراہم کرنے والے لیسکو کی25 ملازمین کو معطل کردیا گیا

منگل 21 مئی 2019 17:35

لاہور۔21 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو )کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے مختلف سرکلز سے 25ملازمین کو بجلی چوری میں معاونت فراہم کرنے پر معطل کردیا ،معطل ہونیوالے ملازمین میںعاشق علی لائن سپرٹنڈنٹ (ایکٹنگ ایس ڈی او) بلال کالونی سب ڈویژن ،محمد ارشد لائن سپرٹنڈنٹ ایکٹنگ ایس ڈی او کوٹ خواجہ سعید سب ڈویژن ، آصف علی لائن سپرٹنڈنٹ انگوری باغ سب ڈویژن ،،عبدالرحمان لائن سپرٹنڈنٹ رحمان پورہ سب ڈویژن،آصف شاہ لائن سپرٹنڈنٹ کینٹ ڈویژن،اکرم لائن سپرٹنڈنٹ گلدشت ٹائون سب ڈویژن، علی فیصل لائن مین انار کلی سب ڈویژن ، کامران لائن مین صحافی کالونی سب ڈویژن ، شریف لائن مین ڈیوس روڈ سب ڈویژن، محمد ریاض لائن مین رچنا ٹائون سب ڈویژن، آفتاب لائن مین والٹن روڈ سب ڈویژن ، عصمت علی لائن مین نشتر کالونی سب ڈویژن ، افتخار لائن مین فیصل ٹائون سب ڈویژن، جمیل لائن مین گلدشت ٹائون سب ڈویژن، اجمل لائن مین الطاف کالونی سب ڈویژن ،حافظ عرفان لائن مین صدر سب ڈویژن ، خالد جاوید لائن مین ضرار شہید روڈ سب ڈویژن ، خالد لائن مین گلدشت ٹائون سب ڈویژن ، عقیل بھٹی میٹر ریڈر ضرار شہید روڈ سب ڈویژن اور جنید اے ایل ایم ائیر پورٹ سب ڈویژن وغیرہ وغیرہ شامل ہیں، مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے ناسور کا ہر صورت میں خاتمہ کریں گے اور بجلی چوروں اور ان کے معاونت کاروں کو کسی طور ریلیف فراہم نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بجلی چوری میں ملوث محکمے کے ملازمین سے بھی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ واضح رہے کہ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوری کے خلاف آپریشن کے دوران لاہور کے رہائشی ایک شحض کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جو میٹر ریورس کرنے میں ملوث تھا۔ فیسکو کے آپریشن کے بعد تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ مذکورہ شحض نے لاہور میں باقاعدہ ایک لیب بنائی ہوئی ہے جہاں سے وہ بجلی چوروں کے میٹر ریورس کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر طریقوں سے بجلی چوری کروانے میں معاونت فراہم کرتا تھا۔

دوران تفتیش مذکورہ شحض کے موبائل فون کی چیکنگ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ شحض کو لیسکو کے متعدد ملازمین کی مدد حاصل تھی۔جس کی بابت تفتیش کرنے پر لیسکو کے 25 ملازمین کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا۔ لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ نے محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے تمام ملازمین کو فی الفور ان کے عہدوں سے معطل کردیا اور ہدایات جاری کی کہ تمام نامزد ملزمان کو حوالہ پولیس کیا جائے ۔