سپین کے پاکستان میں سفیر ایچی مینول گیمنز ریکو کی سیکرٹری تجارت سردار احمد نواز سکھیرا سے ملاقات

منگل 21 مئی 2019 17:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) سپین کے پاکستان میں سفیر ایچی مینول گیمنز ریکو نے سیکرٹری تجارت سردار احمد نواز سکھیرا سے ملاقات کی۔ منگل کو ہونے والی ملاقات میں سیکرٹری تجارت نے سپین کے سفیر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا اور سپینش کمپنیوں کو پاکستان کا دورہ کرنے اور سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی طرف سے پاکستان کیلئے جی ایس پی پلس سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارتی حجم بڑھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے جی ایس پی پلس کو جاری رکھنے کیلئے سپین کی حمایت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ سیکرٹری تجارت نے کہا کہ جی ایس پی پلس کے بعد دونوں ممالک کی برآمدات کا باہمی حجم ایک ارب 18 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے جو اس سے قبل 851 ملین ڈالر تھا۔

ملاقات کے دوران باہمی تجارتی اور معاشی تعلقات پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ سپین کے سفیر نے سیکرٹری تجارت کو یقین دلایا کہ وہ یورپ کی طرف سے جی ایس پی پلس کیلئے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ سیکرٹری تجارت نے سپین کے سفیر کو پاکستان میں بڑھتے ہوئے کاروباری و سرمایہ کاری مواقع سے آگاہ کیا اور سپین کی کمپنیوں کو سرمایہ کاری اور دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔