میئر سکھر کی سیپکو افسران سے میٹنگ ، سیپکو کی جانب سے منقطع کی گئی اسٹریٹ لائٹس کی بحالی کا فیصلہ

منگل 21 مئی 2019 18:16

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی سیپکو افسران سے میٹنگ میں سیپکو کی جانب سے منقطع کی گئی اسٹریٹ لائٹس کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے سیپکو کی جانب سے اسٹریٹ لائٹس منقطع کئے جانے پر میئر ہائوس میں چیف سیپکو عبدالکریم میمن ‘ ایکسین غنی شیخ اور راج کمار سے میٹنگ کی اور اسٹریٹ لائٹس کے کنکشن منقطع کئے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیپکو کی جانب سے اسٹریٹ لائٹس منقطع کئے جانے کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کے دوران شہر کے اہم ترین علاقوں کیساتھ ساتھ گلی ‘ محلے بھی تاریکی میں ڈوب جاتے ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہٰذا اسٹریٹ لائٹس کے کنکشن فوری طور پر بحال کئے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ لائٹس کے کنکشن کی بحالی اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے سکھر میونسپل کارپوریشن تار اور ٹرانسفارمر کے اخراجات اٹھانے کو تیار ہے ‘ سیپکو اسٹریٹ لائٹس کیلئے الگ سے ٹرانسفارمرز اور میٹر ز لگائے تاکہ جلد سے جلد شہر بھر کی منقطع کی گئی تمام اسٹریٹ لائٹس کو بحال کیا جاسکے۔ میٹنگ میں ڈپٹی میئر طارق حسین چوہان ‘ میونسپل کمشنر سکھر پیر واحد بخش ‘ یو سی چیئرمین مختیار کھوکھر ‘ عبدالرحمن صدیقی ‘ ڈاکٹر عبدالخالق جتوئی ‘ عرفان بندھانی ‘ پیہر دین ‘ فرید صدیقی ‘ بلدیہ اعلیٰ سکھر کے اقلیتی رکن ایشور لعل ایکسین سہیل میمن اور اے ای این الیکٹرک فیاض میمن بھی موجود تھے۔

دریں اثناء میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی ہدایت پر بلدیہ اعلیٰ سکھر کے محکمہ بجلی کے عملے نے اے ای این فیاض احمد میمن کی قیادت میں اسٹریٹ لائٹس کی بحالی کیلئے سب ڈویژن ون میں آپریشن شروع کردیا ہے تاکہ جلد سے جلد کام مکمل کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :