آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کا وارم اپ مرحلہ 24 مئی سے شروع ہوگا

گرین شرٹس دو وارم اپ میچز کھیلے گی، پہلا میچ 24 مئی کو افغانستان کے خلاف، دوسرا میچ 26 مئی کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی، وارم اپ مرحلہ 28 مئی کو ختم ہوگا، ہر روز دو میچز کھیلے جائینگے

منگل 21 مئی 2019 20:11

آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کا وارم اپ مرحلہ 24 مئی سے شروع ہوگا
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2019ء) آئی سی سی ورلڈ کپ 2019، وارم اپ میچز کا سلسلہ 24 مئی سے شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کے وارم اپ میچز کا مرحلہ 24 مئی سے شروع ہوگا اور 5 روز جاری رہنے کے بعد 28 مئی کو اختتام پذیر ہوگا اس کے بعد ورلڈ کپ 2019 کا باضابطہ آغاز 30 مئی سے ہوگا۔ 24 سے 28 مئی تک وارم اپ مرحلے میں ہر روز دو، دو میچز کھیلے جائینگے۔

24 مئی کو پہلا وارم اپ میچ پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان برسٹل میں کھیلا جائے گا اسی روز دوسرا وارم اپ میچ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان کارڈف میں کھیلا جائیگا۔ اسی طرح 25 مئی کو بھی دو وارم اپ میچز کھیلے جائینگے، پہلا میچ میزبان انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان سائوتھمپٹن میں کھیلا جائے جبکہ اسی روز کا دوسرا وارم اپ میچ بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان لندن میں کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

26 مئی کو کھیلے جانے والے پہلے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی اور یہ میچ کارڈف میں کھیلا جائے گا۔ اسی روز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں برسٹل میں مدمقابل ہونگی۔ 27 مئی کو پہلے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا اور سری لنکا کی ٹیمیں آپس میں ٹکرائیں گی جبکہ اسی روز دوسرے وارم اپ میچ میں انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں پنجہ آزما ہونگی۔

وارم اپ مرحلے کے آخری روز 28 مئی کو پہلے وارم اپ میچ میں بنگلہ دیش کا مقابلہ بھارت سے ہوگا جبکہ اسی روز کا دوسرا اور وارم اپ مرحلے کا آخری میچ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان برسٹل میں کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ وارم اپ مرحلے کے ختم ہونے کے بعد آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کا باقائدہ آغاز 30 سے ہوگا اور ورلڈ کپ کا ابتدائی میچ 30 مئی کو میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان اوول کے مقام پر کھیلا جائے گا۔