پاکستان اور جنوبی افریقہ ویمن ٹیمیں چوتھے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں کل آمنے سامنے ہوں گی

پاکستانی ٹیم کو سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل، گرین شرٹس فیصلہ کن برتری کیلئے پر جوش

منگل 21 مئی 2019 20:11

پاکستان اور جنوبی افریقہ ویمن ٹیمیں چوتھے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں ..
بنوئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2019ء) پاکستان اور جنوبی افریقہ ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا چوتھا میچ (کل) بدھ کو بنوئی میں کھیلا جائے گا، پاکستانی ٹیم کو سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے، گرین شرٹس نے فیصلہ کن برتری حاصل کرنے پر نظریں مرکوز کر رکھی ہیں اور وہ ہدف کے حصول کیلئے پر جوش ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی ویمن نے جنوبی افریقہ ویمن کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کی تھی لیکن جنوبی افریقہ ویمن نے پاکستان ویمن کو دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 8 وکٹوں سے ہرا کر سیریز 1-1 سے برابر کر لی تھی، تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستانی ویمن نے جنوبی افریقہ ویمن کو 4 وکٹوں سے زیر کر کے ایک مرتبہ پھر برتری حاصل کر لی اور اب گرین شرٹس کے پاس سیریز جیتنے کا سنہری موقع ہے اور مقصد کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو تینوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنا ہو گا، دونوں ٹیموں کے درمیان آخری میچ 23 مئی کو کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی ون ڈے سیریز 1-1 سے برابری پر ختم ہوئی تھی