ملک بھر میں منافع خوروں کے خلاف کارروائیاں خوش آئند ہیں، محمد اسلم خان

Oعوام کو لوٹنے والوں کو جرمانہ نہ کیا جائے بلکہ جیل بھیجا جائے، ملک میں مہنگائی کی شدید لہر کی تمام تر ذمہ داری آڑھتی مافیا پر عائد ہوتی ہے، چیئرمین پاکستان اکانومی واچ

منگل 21 مئی 2019 20:54

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2019ء) پاکستان اکانومی واچ کے چیئرمین برگیڈئیر ریٹائرڈ محمد اسلم خان نے ملک بھر میں منافع خوروں کے خلاف کاروائیوں کو خوش آئند قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق محمد اسلم خان نے مطالبہ کیا ہے کہ منافع خوروں کے خلاف کارروائی میں تیزی لائی جائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام کو لوٹنے والوں کو جرمانہ نہ کیا جائے بلکہ جیل بھیجا جائے، ملک میں مہنگائی کی شدید لہر کی تمام تر ذمہ داری آڑھتی مافیا پر عائد ہوتی ہے جبکہ اس مافیا کو پروان چڑھانے میں بنیادی کردار بینکوں کا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا موقف تھا کہ ضلعوں کی انتظامیہ نے بھی انہیں فری ہینڈ دیا ہوا ہے، جس کی وجہ سے وہ عوام کو لوٹ رہے ہیں، اگر بینک انہیں قرضے دیں یا انتظامیہ شہروں میں ان کے لیے اپنی اشیا کی فروخت کے لیے آڑھتیوں سے پاک مارکیٹیں بنائے تو کسانوں کا منافع بڑھ جائے گا جبکہ پھلوں سبزیوں وغیرہ کی قیمتیں کافی کم ہو جائیں گی۔دوسری جانب پاک یو ایس بزنس کونسل کے بانی چیئرمین، یونائیٹڈ بزنس گروپ کے چیئرمین اور معروف تاجر رہنما افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ ڈالر مافیا ملکی معیشت کو بری طرح تباہ کررہا ہے اس لئے اس کے خلاف جارحانہ اور نتائج پر مبنی کریک ڈان کیا جائے۔