امریکا کے ساتھ دوطرفہ تجارتی توازن پاکستان کے حق میں رہا

جاری مالی سال کے دوران امریکا کو پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں 5.462 فیصد اضافہ ہوا، سٹیٹ بنک

منگل 21 مئی 2019 21:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2019ء) رواں مالی سال کے دوران امریکا کے ساتھ دوطرفہ تجارتی توازن پاکستان کے حق میں رہاہے، مالی سال کے ابتدائی 9 مہینوں میں امریکا کو پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں 5.462 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔سٹیٹ بنک کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکرمارچ2019 تک امریکا کو پاکستانی مصنوعات کا حجم 3.012 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 5.462 فیصد زیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں امریکا کوپاکستانی مصنوعات کی برآمدات سے پاکستان کو 2.856 ارب ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔اعدادوشمارکے مطابق مارچ 2019 میں امریکا کو برآمدات سے پاکستان نے 328.157 ملین ڈالرکازرمبادلہ کمایا ، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں امریکا کوپاکستانی مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 326.758 ملین ڈالر کازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔

(جاری ہے)

سٹیٹ بنک کے مطابق مالی سال کے ابتدائی 9 مہینوں میں امریکا سے درآمدات میں 13.10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔ جولائی 2018 سے لیکرمارچ 2019 تک امریکا سے درآمدات پر پاکستان نے 1.579 ارب ڈالر زرمبادلہ صرف کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 13.10 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں امریکا سے درآمدات پر پاکستان نے 1.396 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف کیا تھا۔ سٹیٹ بنک کے مطابق مارچ 2019 میں امریکا سے درآمدی بل کی لاگت 202.69 ملین ڈالر رہی، گزشتہ سال مارچ میں امریکا سے درآمدات پرپاکستان نے 178.42 ملین ڈالرکا زرمبادلہ اداکیا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان جن ممالک کو برآمدات کررہاہے ان میں امریکا سرفہرست ہے۔