چینی یونیورسٹی نے پاکستان میں ہائبرڈ چاول کی پیداوار کیلئے بیج پنجاب یونیورسٹی کے حوالے کردیا

منگل 21 مئی 2019 22:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2019ء) چین کی وہان یونیورسٹی کے وفد نے پاکستان میں ہائبرڈ چاول کی پیداوارکیلئے بیج پنجاب یونیورسٹی کے حوالے کر دیا جو زرعی شعبہ میں انقلاب کا باعث بنے گا۔ اس سلسلے میں وائس چانسلر آفس میںخصوصی تقریب منعقد ہوئی ۔ اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمداختر،وہان یونیورسٹی سے زی یانگ زواور ایرو زو، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز پروفیسر ڈاکٹرمحمد سلیم حیدر، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز پروفیسر ڈاکٹر کنول امین، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمدعلی و دیگر نے شرکت کی ۔

اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمداختر نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ملک اور معاشرے کی خوشحالی کیلئے اپنا کردار اداکرتی رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ایسے تحقیقاتی منصوبوں کر فروغ دے رہی ہے جس سے معاشرے اور ملک پر مثبت اثرات مرتب ہو سکیں۔پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم حیدرنے کہاکہ پنجاب یونیورسٹی مقامی سطح پر ہائبرڈ چاول کی پیداوار کا تجربہ کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ہائبرڈ چاول کی پیداوار سے نہ صرف پاکستان کے شعبہ زراعت میں بہتری آئی گے بلکہ اکیڈیما اور انڈسٹری کے تعلقات کوبھی فروغ ملے گا۔ بعد ازاں چینی وفد نے پنجاب یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ آف ایگریکلچرل سائنسز میں لیب، تجربہ گاہ اور ہائبرڈ چاول کی پیداوار کے لئے مختص جگہ کا معائنہ کیا اور ڈاکٹر محمد سلیم حیدر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی۔