میاں اسلم اقبال سے فرانس کی آئی ٹیک کمپنی ایگزونا بیلو کے سی ای او ریاض بخارس اور ڈان بریڈ کے سی ای او انور حسین خان کی ملاقاتیں

پنجاب میں سرمایہ کاری کے امکانات ، کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے اُٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال فرانس کی کمپنی آئی ٹیک کے ساتھ اشتراک کار اور ڈان بریڈ کی پنجاب میں سرمایہ کاری میں اضافے کا خیر مقدم کرتے ہیں: میاں اسلم اقبال

منگل 21 مئی 2019 22:09

میاں اسلم اقبال سے فرانس کی آئی ٹیک کمپنی ایگزونا بیلو کے سی ای او ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2019ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر میں فرانس کی آئی ٹیک کمپنی ایگزونا بیلو (XONA BLUE) کے سی ای او ریاض بخارس (Riadh Boukhris) اور ڈان بریڈ کے سی ای او انور حسین خان نے الگ الگ ملاقات کی اِن ملاقاتوں میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقعوں، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے اُٹھائے گئے اقدامات پر گفتگو ہوئی۔

فرانس کی کمپنی کے سی ای او نے کہا کہ سرمایہ کاری کے لیے پنجاب بہت پر کشش جگہ ہے اور ہماری کمپنی پنجاب کے ساتھ زراعت اور آئی ٹیک میں اشتراک کار چاہتی ہے۔ ڈان بریڈ کے سی ای او نے کہا کہ ہم پنجاب میں سرمایہ کاری بڑھانا چاہتے ہیں۔ مریدکے میں ہمارا یونٹ لگ رہا ہے اور ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں ایک اور صنعتی یونٹ لگانا چاہتے ہیں جس کے لیے کمپنی کو زمین درکار ہے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے فرانس کی آئی ٹیک کمپنی کے سی ای او سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں زراعت ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ فنی تعلیم کے فروغ اور صنعتوں کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت تیار کی جا رہی ہے صوبے میں فنی تعلیم کے 400 سے زائد ادارے اور دو ٹیکنیکل یونیورسٹیاں نوجوانوں کو فنی تعلیم سے آراستہ کرنے میں مصروف عمل ہیں۔

پنجاب میں دو نئی ٹیکنیکل یونیورسٹیاں بھی بنائی جا رہی ہیں۔ فرانس کی آئی ٹیک کمپنی فنی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے تکنیکی معاونت فراہم کر سکتی ہے ۔ اس مقصد کے لیے کمپنی کے حکام کے ساتھ مل بیٹھ کر لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ صوبائی و زیر نے ڈان بریڈ کے سی ای او سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیے بغیر غیر ملکی سرمایہ کاری بھی نہیں بڑھائی جا سکتی۔

مقامی سرمایہ کاری بڑھے گی تو غیر ملکی سرمایہ کاری بھی آئے گی جس سے صنعت کاری کا عمل تیز ہوگا اور روز گار کے نئے مواقعے پیدا ہونگے۔ اُنہوں نے کہا کہ ڈان بریڈ کمپنی کو فیصل آباد میں یونٹ لگانے اور اُن کی سرمایہ کاری کے حوالے سے ہرممکن تعاون کریں گے اور ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ میں ڈان بریڈ کو یونٹ لگانے کے لیے زمین کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جہانزیب برانہ اور متعلقہ حکام بھی اِن ملاقاتوں میں موجود تھے۔