جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری سمیت دیگر ملزمان میں ریفرنس کی نقول تقسیم نہ ہونے پرفرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر نہ کی جا سکی،

دو ملزمان کو پیش نہ کرنے پرچیف سیکرٹری سندھ اور سپرنٹنڈنٹ جیل کراچی کو شوکاز نوٹس جاری

منگل 21 مئی 2019 22:47

جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف علی زرداری سمیت دیگر ملزمان میں ریفرنس ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدرآصف علی زرداری سمیت دیگر ملزمان میں ریفرنس کی نقول تقسیم نہ ہونے پرفرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر نہ کی جا سکی۔ عدالت نے دو ملزمان کو پیش نہ کرنے پرچیف سیکرٹری سندھ اور سپرنٹنڈنٹ جیل کراچی کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ احتساب عدالت میں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت ہوئی اس موقع پر سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور پانچویں مرتبہ عدالت میں پیش ہوئے۔

تفتیشی افسر نے ریفرنس کی نقول جمع کرانے کے لیے پھر مہلت مانگ لی۔ جج احتساب عدالت نے کہا کہ ملزمان عدالت آ رہے ہیں اور جا رہے ہیں، ان کو نقول دیں تاکہ پتہ چلے کہ ان کے خلاف کیس کیا ہے، آئندہ سماعت سے پہلے ریفرنس کی کاپیاں جمع نہ ہوئیں تو تفتیشی افسر کے خلاف کارروائی ہو گی۔

(جاری ہے)

کراچی جیل میں قید دو ملزمان عبدالغنی مجید اور انور مجید کو پیش نہ کرنے پر عدالت نے چیف سیکرٹری سندھ اور سپرنٹنڈنٹ جیل کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

فاروق ایچ نائیک کی نشاندہی پر ملزم حسین لوائی کی کمرہ عدالت میں ہتھکڑیاں کھلوا دی گئیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم راحیل مبین کو برین ہیمرج ہو گیا ہے اور وہ کراچی میں زیر علاج ہے۔عدالت نے دو ملزمان حسین لوائی اور طحہ رضا کی جیل سے رہائی کی درخواست مسترد کر دی۔ کیس کی مزید سماعت 30 مئی کو ہو گی۔