حلال فوڈ اتھارٹی ایبٹ آباد نے بغیر لائسنس چلنے والی دو بیکریوں، ایک جنرل سٹور اور ایک ٹک شاپ کو سیل کر دیا

منگل 21 مئی 2019 22:47

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) خیبر پختونخوا حلال فوڈ اتھارٹی ایبٹ آباد نے بغیر لائسنس چلنے والی دو بیکریوں سمیت ایک جنرل سٹور اور زائدالمیعاد اشیاء فروخت کرنے والی ایک ٹک شاپ کو سیل کر دیا۔ ناقص صفائی مضر صحت اشیاء کی فروخت پر متعدد بیکریوں، نان شاپس، ہوٹلوں، دہی بھلے فروشوں اور کریانہ سٹور پر بھاری جرمانے عائد کر دیئے۔

تفصیلات کے مطابق حلال فوڈ اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر مختیار اور فوڈ سیفٹی آفیسر عطاء الرحمن نے چیکنگ کے دوران پرانی سبزی منڈی ایبٹ آباد میں لائسنس کی عدم موجودگی پر دو بیکریوں اور ایک کریانہ سٹور کو سیل کر دیا جبکہ ایک بیکری کو ناقص صفائی پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کے علاوہ متعدد کریانہ سٹور وں کو اشیائے خوردنی کا معیار بہتر بنانے کی ہدایت جاری کر دیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح اتھارٹی افسران نے چمبہ حویلیاں میں ایک پٹرول پمپ پر واقع ٹک شاپ کو بھی زائدالمیعاد اشیاء کی فروخت پر سیل کر دیا۔ حکام نے چیکنگ کے دوران منڈی روڈ ایبٹ آباد میں ایک ہوٹل، نان شاپ اور پکوڑا شاپ جبکہ مین بازار ایبٹ آباد میں دہی بھلے شاپ، ایک کیفے اور ایک افغان ہوٹل پر بھی اشیائے خوردنی کا معیار اور صفائی بہتر نہ بنانے کی ہدایت پر عمل درآمد میں ناکامی پر بھاری جرمانے عائد کر دیئے۔