دادو، ٹھٹھہ شوگر ملز انکوائری میں قائم علی شاہ کو گرفتار کرنے کی ضرورت نہیں، نیب

عدالت نے سابق وزیر اعلی سندھ کی درخواست ضمانت نمٹا دی

منگل 21 مئی 2019 22:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) نیب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بیان دیا ہے کہ دادو اور ٹھٹھہ شوگر ملز کی انکوائری میں اس مرحلے پر قائم علی شاہ کو گرفتار کرنے کی ضرورت نہیں۔ عدالت نے اس بیان پر سابق وزیر اعلی سندھ کی درخواست ضمانت نمٹا دی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سابق وزیر اعلی سندھ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

نیب نے عدالت میں بیان دیا کہ قائم علی شاہ کے خلاف دادو اور ٹھٹھہ شوگر ملز کی انکوائری چل رہی ہے، اس مرحلے پر قائم علی شاہ کو گرفتار کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔اس پر قائم علی شاہ کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا نیب کے پاس پاور ہے کہ وہ کسی سٹیج پر بھی گرفتار کرسکتے ہیں۔ اگر یہ مستقبل میں محسوس کرتے ہیں تو وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا الزام کیا ہے انکوائری کہاں پہنچی نیب بتائے گا۔ تفتیشی کو کہہ سکتے ہیں کہ وہ بتا دے کہ انکوائری کس سٹیج پر ہے۔