عظمت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنھا پر کلام الٰہی کی گواہی کافی ہے،ڈاکٹر محمدا شرف آصف جلالی

منگل 21 مئی 2019 22:53

عظمت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنھا پر کلام الٰہی کی گواہی کافی ہے،ڈاکٹر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2019ء) تحریک لبیک یا رسول اللہ ﷺ اور تحریک لبیک اسلام کے سربراہ ڈاکٹر محمدا شرف آصف جلالی نے اُم المؤمنین حضرت سیّدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے یوم وصال کے موقع پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عظمت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنھا پر کلام الٰہی کی گواہی کافی ہے آپ وہ ہستی ہیں قیامت تک منبرو محراب میںآپ کی پارسائی اور پاکدامنی کی آیات تلاوت کی جاتی رہیں گی۔

اُم المؤمنین حضرت سیّدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے علمی اور فقہی فیصلے اُمت کیلئے عظیم مُرشد کی حیثیت رکھتے ہیں۔ آپ قرآن مجید کی کامل مفسّرہ، احادیث رسول ﷺکی مستند راویہ، سیرت مصطفیﷺ اور اخلاق نبوی ﷺ کی جامع شارحہ ہیں۔

(جاری ہے)

آپ کا شمار مجتہد صحابہ رضی اللہ تعالیٰ عنہم میں ہوتا ہے۔ کبار صحابہ رضی تعالیٰ عنہم بھی دینی مسائل کیلئے آپکی طرف رجوع کرتے تھے۔

اور آپکے جوابات پر بھرپور اعتماد کرتے تھے۔ اُمت مسلمہ میں تعلیم و تربیت کی تحریک اور مشن کانام صدیقہ بنت صدیق حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا ہے۔ آپ سے تعلیم پانے والے صحابہ، تابعین اور صحابیات ، تابعات رضی اللہ تعالیٰ عنہم نے قیامت تک آنے والی نسلوں کیلئے ایک اسلامی علوم کا بے بہا ذخیرہ فراہم کیا ہے۔ سرور کونین ﷺ کے وصال کے بعد آپ نے طویل عرصہ تک ملّت اسلامیہ کی قرآن و سنت سے راہنمائی کی آپ کے عفیف کردار ، پاکدامنی اور چادر طہارت کو سلام کیے بغیر اسلام کا قرآن پرایمان مکمل ہی نہیں ہوسکتا۔

محبوبہ محبوب خدا ہوئی اور آرام جان نبی علیہ السلام ہونے کی وجہ سے پوری اُمت کی گردنیں عقیدت سے آپ کے سامنے جُھکی ہوئی ہیں۔ آج دُختران اسلام کو مغربی تہذیب کے حملوں سے حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا دامنِ علم و تقویٰ ہی بچا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :