صوبائی وزیر اقلیتی امور کا ٹنڈو غلام علی میں بارہویں جماعت کی طالبہ کی خودکشی کے واقعہ کا نوٹس

منگل 21 مئی 2019 23:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2019ء) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور ہری رام کشوری لال نے ٹنڈو غلام علی میں بارہویں جماعت کی طالبہ کی جانب سے خودکشی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی بدین کو ہدایات دیں ہیں کہ واقعہ کی ایف آئی آر میں اے ٹی اے کی دفعات شامل کی جائیں تاکہ اس خودکشی کے واقعہ کے پس پردہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ معاشرے کے لئے مثال قائم ہو اور آئندہ اس قسم کے واقعات کو روکنے میں مدد ملے سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کے واقعات میں ملوث ملزمان بااثر ہونے کے باعث ضمانت پر رہائی پالیتے ہیں اور متاثرہ خاندان انصاف کے حصول کیلئے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ میں نامزد ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جائے اور متاثرہ خاندان کے تحفظ کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ اس کیس پر کوئی اثر انداز نہ ہو۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کو ایس ایس پی نے بتایا کہ واقعہ میں نامزد ایک ملز م سوم پرمار کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دیگر دو نامزد ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کارروائی جاری ہے اور ان کی گرفتاری بھی جلد عمل میں لائی جائے گی۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور ہری رام کشوری لال نے متاثرہ خاندان کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت ان کے غم میں شریک ہے اور انہیں ہرممکن مدد فراہم کی جائے گی. انہوں نے کہا کہ محکمہ اقلیتی امور کی ٹیم کل ( بدھ) ٹنڈو غلام علی کا دورہ کر کے متاثرہ خاندان سے ملاقات کرے گی جس میں وکلاء بھی شامل ہونگے اور انہیں ہر ممکن قانونی مدد فراہم کرے گی۔#

متعلقہ عنوان :