دیر کالونی متاثرین کیلئے خصوصی مالی پیکج کا اعلان کیا جائے ، سردار حسین بابک

منگل 21 مئی 2019 23:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2019ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے پشاور دیر کالونی سلنڈر سانحہ میں 10افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کی ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دیر کالونی سانحہ میں قیمتی انسانی جانوں کا ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے، کوئی بھی دوسری چیز انسانی جان کا نعم البدل نہیں ہو سکتی تاہم حکومت تمام متاثرہ خاندانوں کی دادرسی کیلئے مالی امداد کے ساتھ خصوصی مالی پیکج کا اعلان کرے، انہوں نے کہا کہ واقعے کو 15روز ہونے کو ہیںلیکن کسی حکومتی نمائندے نے متاثرہ کی داد رسی کی زحمت گوارا نہ کی ، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کو بے حسی کا مظاہرہ کرنے کی بجائے سنجیدگی کے ساتھ واقعے کا نوٹس لینا چاہئے تھا لیکن بدقسمتی سے حکمران ٹس سے مس نہیں ہوئے ، انہوں نے کہا کہ حکومت کی کم ظرفی اور بے حسی انسانی جانوں میں اضافے کا سبب بنی،اور ہلاکتوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، سردار حسین بابک نے کہا کہ حکومت صورتحال کی سنگینی کا ادراک کرتے ہوئے تاحال زیر علاج زخمیوں کیلئے خصوصی علاج کا انتظام کرے،انھوں نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیااور کہا کہ اے این پی غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔