یونیورسل ہیلتھ کوریج کی دی گئی رہنمائی سے پاکستان میں صحت کے شعبہ میں تبدیلی لائی جائے گی،

معاشرہ کے پسے ہوئے طبقات کی خدمت وزارت قومی صحت کا نیا مشن ہے معاون خصوصی وزات قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا عالمی ادارہ صحت اسمبلی کے 72ویں سیشن میں خطاب

منگل 21 مئی 2019 23:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے وزات قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ صحت کا فروغ پاکستان اور دنیا بھر کو محفوظ بنانا، معاشرہ کے پسے ہوئے طبقات کی خدمت وزارت قومی صحت کا نیا مشن ہے ، پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کے وزیر اعظم کے مشن کے تحت میرا کام بھی پاکستان میں صحت کی یکساں کوریج میں تیزی سے پیش رفت کرنا ہے جو کہ جی پی ڈبلیو 13کی بھی شروعات اور پائیدار ترقی کے ایجنڈا برائے 2030ء کا اہم ہدف ہے، اس لئے یونیورسل ہیلتھ کوریج کی دی گئی رہنمائی سے پاکستان میں صحت کے شعبہ میں تبدیلی لائی جائے گی۔

منگل کو یہاں موصول پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے عالمی ادارہ صحت کی اسمبلی کے 72ویں سیشن میں اہم خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ہم نیشنل یونیورسل ہیلتھ کوریج کے بینیفٹ پیکج کی تشکیل کے مرحلہ میں ہیں جو کہ صحت کی ضروری خدمات اور بین الاقوامی مداخل کا قومی پیکج ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان بیماریوں پر قابو پانے کی ترجیحات ( ڈی سی پی 3) کے قریبی اشتراک سے یہ پیکج دینے والا پہلا ملک ہے جس میں 5 قسم کی خدمات صحت عامہ کا فروغ، بیماریوں کی روک تھام، علاج معالجہ، مریضوں کی بحالی اور صحت ڈلیوری کی سہولتیں میں شامل ہیں۔

معاون خصوصی برائے قومی صحت سروسز نے کہا کہ ہم آستانہ اعلامیہ کی اصل روح پر عمل کرتے ہوئے پاکستان میں پرائمری ہیلتھ کیئر میں بہتری اور اس کی پیمائش جیسے بڑے اقدامات کر رہے ہیں اور ہم پاکستان میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس بھی مہیا کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک کروڑ غریب اور پسے ہوئے خاندانوں کو ہیلتھ انشورنس دینے کا کام شروع کر چکے ہیں، ریاست مجوزہ فہرست میں شامل امراض کے علاج معالجہ پر آنے والے اخراجات ادا کر ے گی، ہم 66 اضلاع میں ہیلتھ انشورنس کا آغاز کر چکے ہیں اور 2020 تک ملک کے تمام اضلاع میں یکساں ہیلتھ انشورنس کی یہ سہولت فراہم کر دی جائے گی۔

انہوں نے یکساں ہیلتھ کوریج کے دائرہ کار کی ترجیحات کو واضح کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان سے پولیو کا جلد از جلد خاتمہ کر دیا جائے گا، متعدی امراض کے بوجھ میں بھی کمی لانے کے لئے موثر طو رپر کام کیا جا رہا ہے، اس کے علاوہ ماں بچہ کی صحت، تولیدی صحت اور غذائی قلت کے خاتمہ پر بھر پور توجہ دی جا رہی ہے، تمباکو نوشی پر موثر طور پر قابو پانا اور غیر متعدی امراض کی روم تھام بھی ہماری ترجیحات میں ہے اور صحت کے بارے میں ہر قسم کی ایمرجنسیز پر قابو پانے کے لئے پوری قوت سے کام کرنا بھی ترجیح ہے۔

معاون خصوصی برائے وزات قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے مزید کہا کہ جس کے لئے ہم نے ڈاکٹر ٹیڈروس اور ڈاکٹر احمد المندھاری کی براہ راست سر پرستی کے تحت عالمی ادارہ صحت کے ساتھ اب مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ مزید برآں صحت کے شعبہ میں سرکاری شعبہ کی سرمایہ کاری بھی کر رہے ہیں اور اس پالیسی پر صوبے اور وفاق بھی مکمل طور پر عمل پیرا ہیں اور ہمیں پور ا یقین ہے کہ ہم اندرون ملک تمام وسائل متحرک کر کے ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون سے عوام کو صحت کا حق عملی طور پر ادا کرنے کی راہ پر گامزن ہو جائیں گے۔