یکم جون سے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا امکان

ڈالر اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے تک اضافہ متوقع

muhammad ali محمد علی منگل 21 مئی 2019 22:31

یکم جون سے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا امکان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مئی2019ء) یکم جون سے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا امکان، ڈالر اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے تک اضافہ متوقع۔ تفصیلات کے مطابق ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگلے ماہ کی پہلی تاریخ یعنی یکم جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملک میں جاری ڈالر کی اونچی اڑان اور عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 روپے فی لیٹر تک اضافہ کیے جانے کا امکان ہے۔ دعویٰ کیا گیا ہے اس حوالے سے اوگرا ذرائع نے معلومات فراہم کی ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم یکم جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق اوگرا یا حکومت کی متعلقہ وزارتوں کی جانب سے کسی قسم کا بیان جاری نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ پاکستان میں چند ہی روز کے دوران ڈالر کی قیمت میں کئی روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ منگل کے روز تک پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 154 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ ڈالر کی قیمت میں اضافے کے باعث بیرون ممالک سے منگوائی جانے والی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور مزید اضافہ بھی متوقع ہے۔

وفاقی حکومت اپنے پاس موجود ڈالرز کے ذخائر کا بڑا حصہ پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری پر صرف کرتی ہے۔ اب چونکہ ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہو چکا ہے، اس لیے حکومت کے پاس بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کے علاوہ دوسرا کوئی آپشن موجود نہیں۔ تاہم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے سے ملک میں جاری مہنگائی کا طوفان مزید شدت اختیار کر جائے گا۔