Live Updates

آئندہ مالی سال کا قومی ترقیاتی بجٹ1837 ارب مختص کیے جانےکا امکان

ن لیگ نے2043 ارب روپے کا قومی ترقیاتی بجٹ پیش کیا تھا، سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی میں ترقیاتی بجٹ کی تجاویز پیش کی جائیں گی، کمیٹی ہی معاشی ترقی کے اہداف مقرر کرے گی۔ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 21 مئی 2019 22:33

آئندہ مالی سال کا قومی ترقیاتی بجٹ1837 ارب مختص کیے جانےکا امکان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 مئی 2019ء) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کا قومی ترقیاتی بجٹ1837 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے، ن لیگ نے 2043 ارب روپے کا قومی ترقیاتی بجٹ پیش کیا تھا، قومی ترقیاتی بجٹ کی تجاویز سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی میں پیش کی جائیں گی، سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی ہی معاشی ترقی کے اہداف مقرر کرے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بجٹ میں قومی ترقیاتی بجٹ 1837 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔

بجٹ میں وفاقی حکومت کا ترقیاتی بجٹ 925 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ ن لیگ کی حکومت نے رواں مالی سال2043 ارب روپے کا قومی ترقیاتی بجٹ پیش کیا تھا۔ رواں مالی سال وفاقی ترقیاتی بجٹ کی مد میں 1030 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔ پی ٹی آئی حکومت نے ضمنی بجٹ میں وفاقی ترقیاتی بجٹ کم کرکے 675 ارب روپے کردیا تھا۔

(جاری ہے)

آئندہ مالی سال صوبوں کے ترقیاتی بجٹ کی مد میں 912 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

ن لیگ حکومت نے صوبوں کیلئے رواں مالی سال 1013 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ قومی ترقیاتی بجٹ کی تجاویز سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی میں پیش کی جائیں گی۔ سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس 23 مئی کو وزیر منصوبہ بندی کی زیر صدارت ہو گا۔ سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی آئندہ مالی سال کیلئے معاشی ترقی کے اہداف بھی مقرر کرے گی۔

دوسری جانب وزارت خزانہ نے جولائی2018ء سے مارچ 2019ء تک مالیاتی آپریشن کے اعدادو شمار جاری کردیے ہیں۔ جس کے تحت مالی سال کے9 ماہ میں بجٹ خسارہ 1922 ارب روپے سے تجاوز کرگیا ہے۔ وزارت خزانہ نے بتایا کہ جولائی سے مارچ تک کل آمدن 3583 ارب 73 کروڑ روپے رہی۔ رواں مالی سال کے نوماہ میں ٹیکس آمدن 3162 ارب روپے رہی۔ اسی طرح وفاق نے جولائی سے مارچ تک 2874 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کیا۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال مارچ تک صوبوں نے 287ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کیا۔ جولائی سے مارچ تک کل اخراجات 5506 ارب روپے رہے۔ رواں مالی سال مارچ تک سود ادائیگیوں پر 1459 ارب روپے خرچ کیے گئے۔ وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال مارچ تک دفاع پرصرف 774 ارب روپے خرچ کیے گئے۔ دوسری جانب اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 10 ماہ میں غیر ملکی براہ راست سرمایہ میں 51 فیصد سے زائد کمی واقع ہوئی ہے. اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال جولائی تا اپریل کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ایک ارب 37 کروڑ 61 لاکھ ڈالر رہی جب کہ گزشتہ مالی سال کے اسی دورانیے میں 2 ارب 84 کروڑ 91 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی ، اس طرح رواں برس کے ابتدائی 10 ماہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 51.7 فیصد کم رہی اپریل 2019 میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 10 کروڑ 18 لاکھ ڈالر تک محدود رہی. مرکزی بینک کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ میں اسٹاک مارکیٹ میں کی جانے والی پورٹ فولیو سرمایہ کاری گزشتہ سال کے مقابلے میں 200 فیصد کم رہی ،جولائی تا اپریل کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں نے اسٹاک مارکیٹ سے40 کروڑ 81 لاکھ ڈالر نکال لیے۔


Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات