پاکستان کی مکہ اور جدہ پر حوثیوں کی جانب سے بیلسٹک میزائل داغنے کی مذمت

سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، حملے کو ناکام بنانے پر چاق و چوبند بہادر سعودی افواج خراج تحسین کے مستحق ہیں: دفتر خارجہ

muhammad ali محمد علی منگل 21 مئی 2019 22:38

پاکستان کی مکہ اور جدہ پر حوثیوں کی جانب سے بیلسٹک میزائل داغنے کی مذمت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی2019ء) پاکستان کی مکہ اور جدہ پر حوثیوں کی جانب سے بیلسٹک میزائل داغنے کی مذمت ، سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، حملے کو ناکام بنانے پر چاق و چوبند بہادر سعودی افواج خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے شہروں مکہ اور جدہ کو میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش پر شدید ردعمل دیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے سعودی شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ پاکستان نے مکہ پر حوثیوں کی جانب سے بیلسٹک میزائل داغنے کی مذمت کرتے ہوئے اس حملے کو ناکام بنانے پر چاق و چوبند بہادر سعودی افواج کو سراہا ہے۔ منگل کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کرتے ہوئے اپنے اس عزم کو دہرایا ہے کہ سلطنت کی سلامتی کو لاحق ہونے والے کسی بھی خطرے کے خلاف پاکستان سعودی عرب کی حمایت کرے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان کے علماء کرام کی جانب سے بھی سعودی عرب پر میزائل حملوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ کہا گیا ہے کہ حرمین شریفین کی موجودگی کے باعث سعودی عرب پوری دنیا کے مسلمانوں کا محور و مرکز ہے۔ حجازِ مقدس کی طرف دیکھنے والی ہر میلی آنکھ کو نکال دیا جائے گا۔ پاکستان کے عوام کے دل سعودی عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ کسی بھی مشکل گھڑی میں برادر اسلامی ملک کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

جبکہ واضح رہے کہ سعودی فضائیہ نے گزشتہ روز یمن کی جانب سے داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی ناکارہ بنا کر مکة المکرمہ اور جدہ شہروں کو بڑی تباہی سے بچا لیا تھا۔ سعودی اخبار کے مطابق سعودی فضائیہ نے یمن کی جانب سے داغے گئے ایک میزائل کو طائف کی فضائی حدود جبکہ دوسرے میزائل کو جدہ کی فضائی حدود میں ناکارہ بنایا۔ واضح رہے کہ یمن میں سرگرم حوثیوں نے پہلی مرتبہ مکة المکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش نہیں کی، اس سے قبل جولائی 2017ء میں بھی ایسی ناپاک جسارت کی گئی تھی تاہم وہ بھی ناکام بنا دی گئی تھی۔