اسلام آباد کے تمام تعلیمی اداروں کیلئے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان

وفاقی دارالحکومت کے اسکول اور کالجز یکم جون سے 12 اگست تک بند رہیں گے

muhammad ali محمد علی بدھ 22 مئی 2019 00:00

اسلام آباد کے تمام تعلیمی اداروں کیلئے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی2019ء) اسلام آباد کے تمام تعلیمی اداروں کیلئے موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان، وفاقی دارالحکومت کے اسکول اور کالجز یکم جون سے 12 اگست تک بند رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت تعلیم نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کیلئے موسم گرما کی تعطیلات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفیکشن کا اطلاق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں اور کالجز پر ہوگا۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تمام سرکاری و نجی اسکولوں اور کالجز یکم جون سے بند کر دیے جائیں گے۔ جبکہ سرکاری و نجی اسکولوں اور کالجز میں تدریس کے عمل کا دوبارہ سے آغاز 12 اگست سے ہوگا۔ دوسری جانب پنجاب حکومت بھی سرکاری سکولوں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

صوبہ پنجاب کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں بشمول اسکولوں اور کالجز میں یکم جون سے 14اگست تک چھٹیاں ہوں گی۔

اس بات کا اعلان صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے گزشتہ دنوں اساتذہ کے تبادلوں کے حوالے سے نیا آن لائن سسٹم متعارف کروانے کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیاں1 جون سے لیکر 14اگست تک رہیں گی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کیلئے باقاعدہ نوٹیفیکشن بھی جاری کیا جا چکا ہے۔

نوٹیفیکشن کے مطابق موسم گرما کی تعطیلات کے فیصلے کا اطلاق تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں پر ہوگا۔ حکومت کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ نجی تعلیمی اداروں کو یکم جون کے بعد تدریس کا عمل جاری رکھنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ دوسری جانب خیبرپختونخواہ اور بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں بھی موسم گرما کی تعطیلات کا آغاز یکم جون سے ہی ہوگا۔