ْعام لوگوں کو فوری انصاف فراہم کرنے کے لئے پولیس میں اصلاحات کرنا بہت ضروری ہے،عثمان ڈار

بدھ 22 مئی 2019 01:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2019ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان ،محمد عثمان ڈار نے کہا ہے کہ عام لوگوں کو فوری انصاف فراہم کرنے کے لئے پولیس میں اصلاحات کرنا بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے منگل کو نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے چھوٹی بچی سے زیادتی اور ظالمانہ قتل کی سختی سے مذمت کی اور تمام سیاسی جماعتوں پرزور دیا کہ وہ انسانی حقوق اور زیادتی کے معاملات پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کے بارے میں اپوزیشن جماعتوں کے اختیار کئے گئے متفقہ نقطہ نظر کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ انسانی حقوق بارے قانون سازی اور پارلیمنٹ میں قوانین کی منظوری میں بھی ایساہی رویہ اختیار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قصور میں زینب سے زیادتی اور قتل کے واقعے کومیڈیا نے اجاگرکیا اور اس کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان نے ازخودنوٹس لیا اوراس کے بعد مجرم کو سزائے موت دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تیز تر انصاف کی فراہمی کے لئے پولیس کی تحقیقات پر اعتماد میں بہتری لانے کے لئے پولیس کے ڈھانچے کو بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔