Live Updates

قطری کے بعد اماراتی شہزادے کی انٹری،ن لیگ تنقید کی زد میں

نیان بن مبارک نے سلمان شہباز کے اکاﺅنٹ میں 3لاکھ20ہزار امریکی ڈالر جمع کروائے

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 22 مئی 2019 06:48

قطری کے بعد اماراتی شہزادے کی انٹری،ن لیگ تنقید کی زد میں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 مئی 2019ء)   پاناما کیس شروع ہونے کے بعد منی ٹریل دو کا نعرہ آج تک بھرپور شدومد سے سنائی دیتا آ رہا ہے۔پی ٹی آئی نے الیکشن سے قبل جس احتساب کی بات کی تھی وہ احتساب آج بھی اپوزیشن جماعتوں کو تگنی کا ناچ نچوائے ہوئے ہے۔یہ احتساب ہی کی مہربانی ہے کہ ایک دوسرے کے دشمن آج حکومت کے خلاف گرینڈ الائنس بنانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

مگر ن لیگ کی بدقسمتی یہ ہے کہ جہاں انہیں عدالتوں کے چکر کاٹنے پڑ رہے ہیں وہاں انہیں ذلت ورسوائی کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔ پاناما کیس میں جب سابق وزیراعظم نواز شریف سے منی ٹریل مانگی گئی تھی تو انہوں نے قطری شہزادے کا خط عدالت میں پیش کیا تھا جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ قطری شہزادے نے اتنی رقم انہیں کاروبار کے لیے تحفہ میں دی تھی۔

(جاری ہے)

یہ خط نہ تو عدالت نے قبول کیا تھا اور نہ ہی اس کا کوئی خاطر خواہ کیس میں فائدہ حاصل ہوا تھا۔البتہ عوام نے قطری کے نام پر ن لیگ کی خوب خاطر مدارت کی تھی۔وہی کام آج ایک بار پھر ہونے کو ہے کیونکہ شہباز شریف اور اس کے تینوں بیٹوں کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیس عدالت میں چل رہے ہیں۔اگرچہ شہباز شریف سمیت پورا خاندان اس وقت لندن پہنچا ہوا ہے مگر نیب نے اپنا کیس مضبوط کرنے کے لیے ایک کے بعد ایک ثبوت ڈھونڈنے کے لیے کم کس رکھی ہے۔

ابھی نیب کو ثبوت ملے ہیں کہ 20فروری2014 کو ایک اماراتی شہزادے نیان بن مبارک نے سلمان شہباز کے اکاﺅنٹ میں 3لاکھ20ہزار امریکی ڈالر کی خطیر رقم جمع کرائی تھی۔تاہم یہ رقم کیوں جمع کروائی گئی تھی اس حوالے سے شریف خاندان آئیں بائیں شائیں کر رہا ہے۔ جبکہ نیب کا ماننا ہے کہ یہ وہی بے نامی اکاﺅنٹ کی چین ہے جس کی مدد سے کرپشن کے پیسے منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک منتقل کیے گئے۔تاہم اب ن لیگ پر آزمائش کا ایک اور موقع آن پہنچا ہے کہ وہ قطری شہزادے کے بعد اب اماراتی شہزادے کے حوالے سے وضاحتیں دیتے نظر آئیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات