Live Updates

بیرون ملک سے پیسا وطن واپس لانا ممکن نہیں

وہاں کے بینک اور ملکی قوانین پیسا کبھی باہر نہیں جانے دیں گے،شفقت محمود

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 22 مئی 2019 07:34

بیرون ملک سے پیسا وطن واپس لانا ممکن نہیں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 مئی 2019ء)   موجودہ حکومت نے الیکشن سے قبل جو جو بلند و بانگ دعوے کیے تھے ان میں سے ایک یہ بھی تھا کہ پاکستان کے کرپٹ حکمرانوں کی لوٹی ہوئی دولت جو سوئس بینکوں میں پڑی ہے وہ پہلے سو دنوں میں وطن وپس لائیں گے۔مگر پی ٹی آئی حکومت میں آنے کے بعد اپنا یہ نعرہ اور منشور یکسر بھلا چکی ہے۔اب وہ کسی فورم پر اس بات کو نہ یاد کرتی ہے اور نہ ہی قوم کو امید دلاتی ہے کہ ان کی لوٹی گئی دولت واپس آئے گی۔

کرپشن اور منی لانڈرنگ کے حوالے سے اگرچہ سخت قوانین مرتب کیے جا رہے ہیں مگر اب سے پہلے جو کچھ ہو چکا اس کی صفائی اور واپسی کا کوئی لائحہ عمل دکھائی نہیں دیتا۔ اسی حوالے سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں سینئر خاتون صحافی عاصمہ شیرازی نے صوبائی وزیر شفقت محمود سے کہا کہ آپ کی سیاسی جماعت حکومت میں آنے قبل یہ دعویٰ کرتی تھی کہ وہ بیرون ممالک سے وہ دولت واپس لائے گی جو کرپٹ حکومت نے لوٹ کر وہاں چھپا رکھی ہے۔

(جاری ہے)

مگر آج دس مہینے ہونے کو آئے ہیں اور ایک پائی یا ایک دھیلا بھی واپس نہیں آیا۔جبکہ حکومت اس ایشو کو یکسر خاموش کر چکی ہے ایسا کیوں ہے؟اس پر صوبائی وزیر اور راہنما پی ٹی آئی شفقت محمود نے کہاکہ میرا نہیں خیال کہ بیرون ممالک سے یہ لوٹی ہوئی دولت یا کالا دھن وطن واپس لایا جا سکے گا۔میں تو کل بھی اس بات کو مسترد کرتا تھا کہ یہ ممکن نہیں ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ وہاں کے بینک کبھی نہیں چاہیں گے کہ ان کی تجوریوں سے اتنی بڑی رقم واپس چلی جائے۔اس کے علاوہ ان ممالک کے قوانین بھی کچھ ایسے ہیں کہ ہم چاہ کر کچھ نہیں کرسکتے۔اگر ان ممالک سے اتنی زیادہ رقم نکل جاتی ہے تو ان کا کاروبار کیسے چلے گا۔لہٰذا اس بات کو بھول جانا چاہیے کہ قوم کی لوٹی ہوئی دولت سوئس اکاﺅنٹس یا کسی اور ممالک کے بینکو ں سے وطن واپس آ سکے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات