جب تک امریکا ایران کا احترام نہ کرے اس سے مذاکرات نہیں کریں گے ،جواد ظریف

بدھ 22 مئی 2019 09:40

تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2019ء) ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ جب تک امریکا جوہری معاہدے سے متعلق اپنے کیے گئے وعدوں پر عمل کرنے کے ذریعے ایران کا احترام نہ کرے تب تک ہم امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ سے مذاکرات نہیں کریں گے۔ جواد ظریف نے امریکی سی این این نیوزچینل سے انٹرویو دیتے ہوئے مزید کہا کہ امریکا نے علاقے میں اپنی فوجی موجودگی کو تقویت دینے کے ذریعے ایک خطرناک کھیل کا آغاز کر دیا ہے۔

انہوں نے امریکا کی جانب سے خلیج فارس میں طیارے بردار بحری بیڑے اور بمبار طیارے تعینات کرنے کی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس چھوٹے علاقے میں ان تمام فوجی ساز و سازمان کو تعینات کرنا خود حادثے کا باعث بنتا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے بہت احتیاط سے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے ایک خطرناک کھیل کا آغاز کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایران جوہری معاہدے سے امریکی علیحدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے حسن سلوک پر مبنی اقدامات اٹھائے ہیں اور اب ہم وعدہ نہ نبھانے والوں سے مذاکرات پر کوئی دلچسبی نہیں رکھتے ہیں۔جواد ظریف نے مزید کہا کہ ایرانی عوام ہرگز نہیں جھکیں گے اورایران کبھی بھی دباؤ کے ذریعے مذاکرات کو نہیں مانے گا۔ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ تعلقات کا سلسلہ جاری رکھنے کا ذریعہ دھمکی دینا نہیں بلکہ دوسروں کا احترام کرنا ہے۔