ہم نے خلیج میں اپنی فوج تعینات کرکے ایران کو حملوں سے روک دیا، امریکی وزیر دفاع

بدھ 22 مئی 2019 10:45

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2019ء) امریکا کے قائم مقام وزیر دفاع پیٹرک شاناہن نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران کی طرف سے دھمکی آمیز بیانات کے بعد مشرق وسطیٰ میں اپنی فوج تعینات کی ہے۔کانگریس کو ایران کی طرف سے دھمکیوں کے بارے میں بریفنگ کے بعد قائم مقام امریکی وزیردفاع نے کہا کہ ہم نے خلیج میں اپنی فوج تعینات کرکے ایران کو حملوں سے روک دیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہماری توجہ ایران کی طرف سے غلط فیصلوں پرعمل درآمد اور جنگ کے خطرات سے نمٹنے پر مرکوز ہے۔پیٹرک شاناہن نے مزید کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ایران کی طرف سے درپیش خطرات کے تدارک کے لیے کام کررہی ہے، ہمارا مقصد ایران کے خلاف جنگ چھیڑنا نہیں۔ قبل ازیں انہوں نے کانگریس کو ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بارے میںبریفنگ دی۔جنرل شاناہن نے مزید کہا کہ ہماری دفاعی تیاریاں ڈیٹرینس کے لیے ہیں جنگ کے لیے نہیں۔ ہم ایران کے خلاف جنگ کی طرف نہیںجا رہے ہیں۔