جمعیت علماء اسلام (ف)کے امیر مولانا فضل الرحمن کا عید الفطر کے بعد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان

بدھ 22 مئی 2019 11:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2019ء) جمعیت علماء اسلام کے (ف)کے امیر مولانا فضل الرحمن نے عید الفطر کے بعد آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کردیا۔ بدھ کو جاری اپنے ویڈیو پیغام میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ کانفرنس بلانے کا مقصد مشترکہ موقف کے تحت آئندہ کی حکمت عملی طے کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو سیاسی جماعتیں شرکت کریں گی ان کا خیر مقدم کریں گے۔

انہوںنے کہا کہ 2018ء کے عام انتخابات بعد اتفاق رائے کے باوجود آل پارٹیز کانفرنس منعقد نہ ہوسکی مگر اب عید الفطر کے بعد ہماری میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی نظریاتی شناخت، عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور مہنگائی کے خلاف جس طرح ملک گیر سطح پر ملین مارچ کئے یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔