متحدہ عرب امارت نے تارکین وطن کو مستقل رہائش دینے کی خوش خبری سُنا دی

یہ سہولت سرمایہ کاروں، محققین، بہترین طالب علموں اور خصوصی قابلیت یا ہُنر کے حامل افراد کو دی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 22 مئی 2019 12:13

متحدہ عرب امارت نے تارکین وطن کو مستقل رہائش دینے کی خوش خبری سُنا دی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،22 مئی 2019ء) سعودی عرب کی جانب سے غیر مُلکیوں کو 99 سال کا ویزہ دینے کی خبر دُنیا بھر میں بہت ستائش کی نظر سے دیکھی جا رہی ہے۔ اور اب متحدہ عرب امارات نے غیر مُلکیوں کو مستقل رہائش دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز اماراتی کابینہ نے منظوری دے دی ہے جس کی رُو سے سرمایہ کاروں، اپنا کاروبار کرنے والوں، خصوصی قابلیت یا ہنر کے حامل، محققین اور بہترین طالبعلموں کے لیے ’گولڈن کارڈ‘ اسکیم کے تحت مستقل رہائش دی جائے گی۔

دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے اس اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت سرمایہ کاروں، انجینئرز، سائنسدانوں اور فنکاروں کو مستقل شہریت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

اماراتی حکومت کے آفیشل ٹویٹر اکاﺅنٹ پر جاری تفصیلات کے مطابق ابتدائی طور پر 70 ممالک سے 6 ہزار800 افراد کی مستقل رہائش کے مطلوبہ معیار پر پورا اترنے کی نشاندہی ہوئی ہے جو اس گولڈن کارڈ کے ذریعے بے پناہ فوائد اٹھا سکیں گے۔

اس مستقل رہائش کے اجازت نامے کا کارڈ حاصل کرنے والے افراد کے شریک حیات اور بچے بھی ان سہولیات سے مستفید ہوسکیں گے۔مستقل رہائش کا اجازت نامہ لینے کے لیے ضروری ہے کہ سرمایہ کار نے متحدہ عرب امارات میں ایک کھرب اماراتی درہم یعنی 27 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہو۔واضح رہے کہ عام طور پر امارات میں رہنے والے افراد کو چند سال کے لیے قابلِ تجدید ویزا جاری کیا جاتا ہے، جو ملازمت سے منسلک ہوتا ہے، تاہم گزشتہ برس اماراتی حکومت نے ویزا پالیسی میں نرمی کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔