Live Updates

آن لائن ویزا سہولت: اب تک 2 ہزار 2 سو 50 غیرملکی ویزا درخواستیں دے چکے ہیں. رپورٹ

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دنیا کے 175 ممالک کو آن لائن ویزا کی سہولت فراہم کرنے کے اعلان کیا تھا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 22 مئی 2019 12:26

آن لائن ویزا سہولت: اب تک 2 ہزار 2 سو 50 غیرملکی ویزا درخواستیں دے چکے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 مئی۔2019ء) وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دنیا کے 175 ممالک کو آن لائن ویزا کی سہولت فراہم کرنے کے اعلان کے بعد اب تک 2 ہزار 2 سو 50 غیرملکی آن لائن ویزا درخواستیں دے چکے ہیں. رپورٹ کے مطابق مذکورہ اعداد و شمار نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں.

نادرا کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس کے بنائے گئے آن لائن ویزا نظام میں 6 مئی سے شروع ہونے والے پہلے ہفتے میں 7 سو 39 افراد کی درخواستیں موصول ہوئیں تھیں جبکہ مجموعی طور پر 2 ہزار 2 سو 50 غیرملکیوں نے پاکستان کے ویزا کی خواہش کا اظہار کیا.

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آن لائن ویزا کا نظام کا افتتاح وزیراعظم عمران خان نے رواں برس 14 مارچ کو کیا تھا جس کے تحت دنیا کے 175 ممالک کے شہریوں کو آن لائن ویزا کی سہولت فراہم کی جاسکے‘حکومت پاکستان کا مقصد دنیا کے لیے پاکستان کی سرحد کو کھولنا تھا.

اپنی کارکردگی سے متعلق نادرا کا کہنا ہے کہ 6 مئی سے 12 مئی تک اس نے 2 لاکھ 77 ہزار افراد کا اپنے ڈیٹا بیس میں اندراج کیا ہے جبکہ ان میں سے 37 ہزار افراد کو مفت شناختی دستاویزات فراہم کیے جاچکے ہیں جن میں قومی شناختی کارڈ، اسمارٹ قومی شناختی کارڈ، خاندان اور بچوں کا اندراج اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا شناختی کارڈ شامل ہے. اس حوالے سے نئی پیشرفت اسمارٹ کارڈ ہے جس کی 2018 میں تقریباً 5 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، اس کے علاوہ موبائل رجسٹریشن وین بالخصوص دیہی علاقوں میں 10 لاکھ سے زائد لوگوں کا اندراج کیا گیا جن میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل ہے.

نادرا کا کہنا ہے کہ اس نے آن لائن درخواستوں کا نظام بھی متعارف کروایا ہے جس کے تحت لوگ گھر بیٹھے اپنے شناختی کارڈ بنواسکتے ہیں، تاہم اس کے تحت 3 لاکھ 17 ہزار 3 سو 7 افراد نے اپنے شناختی کارڈ بنوائے. اس کے علاوہ نادرا نے 6 مئی سے 12 مئی کے درمیان ایسے 5 سو کیسز کو کلیئر کیا ہے جو تصدیق کے مراحل میں تھے یا پھر کسی وجہ سے بلاک کر دیے گئے تھے.

نادرا نے دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ چیئر مین نادرا کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی وجہ سے ادارے نے اندون سندھ، کراچی، جنوبی پنجاب میں اپنا انفرا اسٹرکچر کو جدید بنایا ہے جس کی وجہ سے اب 5 ہزار یومیہ ٹوکن کی تعداد بڑھ کر 17 ہزار یومیہ ہوگئی ہے. اس کے علاوہ نادرا نے دنیا کے دیگر ممالک میں بھی اپنے قدم جمانا شروع کردیے ہیں اور مختلف ممالک کے لیے آئی ٹی خدمات فراہم کر رہا ہے‘حال ہی میں نادرا نے براعظم آسٹریلیا (اوشیانو) کے چند جزائر پر مشتمل ملک فیجی کی حکومت کے لیے الیکشن منیجمنٹ سیل قائم کیا ہے. اس کے علاوہ افریقی ممالک سوڈان اور صومالیہ کے لیے بھی نادرا نے قومی شناخت سسٹم تیار کرکے دیا ہے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات