پوری قوم کی طرف سے فرشتہ کے والد سے معافی مانگنے آیا ہوں

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بچی فرشتہ کے والد سے معافی مانگنے اور تعزیت کے لیے پہنچ گئے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 22 مئی 2019 13:04

پوری قوم کی طرف سے فرشتہ کے والد سے معافی مانگنے آیا ہوں
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مئی2019) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ پوری قوم کی طرف سے فرشتہ کے والد سے معافی مانگنے اور تعزیت کرنے آیا ہوں۔ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا ہے کہ بچی کے اغوا ہونے پر حکومت ٹس سے مس نہیں ہوتی،بچی کے والد کو حوصلہ دینے کی بجائے دباؤ ڈالا جاتا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ ہم شرمندہ ہیں۔رمضان میں بھی قوم کی بچی محفوظ نہیں،انصاف اور انصاف دینے والے گونگے ، بہرے اور اندھے ہو جاتے ہیں۔یہ واقعہ وزیراعظم کی ناک کے نیچے ہوا،یہ وزیرستان اور کراچی کا مسئلہ نہیں۔چند قدم پر وزیراعظم ہاؤس ہے۔انہوں نے کہا کہ 5 دن ایک بچی اغوا رہے تو والدین پر کیا گزرتی ہو گی،مہذب معاشرے میں ایک جانور بھی غائب ہونے پر حکومت کاروائی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ہمارے ہاں رمضان میں بچی کے اغوا ہونے پر حکومت ٹس سے مس نہیں ہوئی۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ اہل خانہ کے احتجاج پر انتظامیہ کی خاموش کرنے کی کوشش قابل شرم ہے۔جب تک لوگ احتجاج نہ کریں ،اندھے اور گونگے بہرے حکمران نہیں سنتے۔خیال رہے دس سالہ بچی فرشتہ کا تعلق خیبرپختونخواہ کے قبائلی ضلع مہمند سے ہے،پولیس کے مطابق 15 مئی کوچک شہزاد سے لاپتہ بچی کوقتل کرکے جنگل میں پھینکا گیا، فرشتہ کی نعش کو جنگل سے بر آمد کیا گیا، پوسٹ مارٹم کر لیا گیا.بچی کی لاش مسخ شدہ حالت میں جنگل سے برآمد ہوئی تھی۔

وزیرداخلہ اعجازاحمد شاہ نے دس سالہ بچی فرشتہ مہمند کے ساتھ زیادتی اور قتل کیس کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کاروائی اور سخت ایکشن لینے کے احکامات جاری کئے تھے۔جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی معاملہ ایوان میں اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے قاس واقعے کی شدید مذمت بھی کی ہے۔