وہاب ریاض کو ورلڈ کپ کھیلنے کی بشارت خواب میں ملی

8 دن پہلے خواب آیا جس میں انضمام بھائی نے کال کی اور کہا کہ یہ تمہارا آخری موقع ہے :پیسر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 22 مئی 2019 13:05

وہاب ریاض کو ورلڈ کپ کھیلنے کی بشارت خواب میں ملی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22مئی2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے وہاب ریاض کو ورلڈ کپ کیلئے سکواڈ میں شامل کر لیاہے جس پر نہایت خوش بھی ہیں اور انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران ایک روز قبل آنے والا خواب بیان کر کے ہر کسی کو حیران کر دیاہے۔وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کیلئے دماغی اور جسمانی طور پر میں نے خود کو مکمل تیار رکھا ہواتھا ، میرے والد کی خواہش ہے کہ میں یہ ورلڈ کپ کھیلوں اور مجھے یقین تھا کہ میں ورلڈ کپ کھیلوں گا اور ٹیم کا حصہ ہوں گا۔

جب سے ورلڈ کپ کا سین شروع ہوا تھا میں اتنا زیادہ اس چیز میں تھا کہ میں نے ورلڈ کپ کھیلنا ہے تو مجھے ہر دوسرے دن خواب آتے تھے جس میں ، میں کبھی مکی آرتھر سے مل رہا ہوتا تھا تو کبھی سیفی بھائی سے ، وہ کبھی مجھے نظر انداز کر دیتے تھے اور کبھی مجھے سلیکٹ کر لیتے تھے۔

(جاری ہے)

تقریباً 8 دن پہلے مجھے خواب آیا جس میں ، میں نے دیکھا کہ انضمام بھائی نے مجھے کال کی اور کہا کہ یہ تمہارا آخری موقع ہے ، تم ورلڈ کپ کھیل رہے ہو ، آخری چانس ہے۔

وہاب ریاض نے کہا کہ بالکل ایسا ہی ہوا اور مجھے انضمام الحق کی کال آئی اور کہنے لگے کہ تیاری پکڑو تم ورلڈ کپ کیلئے جارہے ہو۔وہاب ریاض کا کہناتھا کہ ٹیم کیلئے جو بھی میں کر سکتاہوں وہ میں کروں گا ، کوشش ہو گی کہ اچھا پرفارم کروں اور میری ٹیم کو فا ئدہ پہنچے ، میں نے جتنا بھی ان دوسالوں میں سیکھا ہے اسے ٹیم کیلئے استعمال کروں گا۔ ان کا کہناتھا کہ ہمیں انگلینڈ کیخلاف سیریز میں وائٹ واش ہواہے لیکن کبھی بھی چار میچوں میں ہم نے لگاتار300 رنز نہیں بنائے ہیں ، یہ بہت بڑی بہتری ہے ، جس طرح لڑکوں نے محنت کی ہے وہ قابل تعریف ہے تاہم فیلڈنگ کے شعبے میں خرابی رہی ہے۔