وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کرغزستان کے صدراور چینی ہم منصب سے ملاقات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 22 مئی 2019 13:06

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی کرغزستان کے صدراور چینی ہم منصب سے ملاقات
بشکک(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 مئی۔2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے کرغزستان کے صدر نے ملاقات میں کہا شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی میزبانی ہمارے لیے باعث فخر ہے. وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ بشکک میں صدر سورن بے جان بیکوف سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا.

(جاری ہے)

یہ ملاقات بشکک صدارتی محل میں ہوئی، بشکک کے صدر سورن بے نے شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں تشریف آوری پر خوش آمدید کہا‘اس موقع پر بشکک صدر نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی میزبانی ہمارے لیے باعث فخر ہے.شاہ محمود قریشی نے وزرائے خارجہ نے اجلاس کے بہترین انتظامات پر صدر بشکک کا شکریہ ادا کیا.

قبل ازیں  شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب سے ملاقات میں کہا چین ہمارا عزیز ترین دوست اور انتہائی مضبوط شراکت دار ہے ، علاقائی امن و استحکام اور قومی سلامتی کے معاملات پر چین کا کر دار ہمیشہ قابل تحسین رہا ہے. تفصیلات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے دوران وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب مسٹر وانگ ژی سے خصوصی ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات،خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا.

وزیر خارجہ نے کہا کہ چین ہمارا عزیز ترین دوست اور انتہائی مضبوط شراکت دار ہے ، پاک چین دوستی ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے. شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں قومی سلامتی کے معاملات درپیش ہوں یا علاقائی امن و استحکام کی بات ہو چین کا کردار ہمیشہ قابلِ تحسین رہا ہے‘وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے چینی ہم منصب کو دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے کامیاب انعقاد پر اور چائینہ کے سترھویں یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی.

اس موقع پر چینی وزیر خارجہ نے کہا اس فورم کی کامیابی عالمی برادری کا چین کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے‘یاد رہے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس میں شرکت کے لئے کرغزستان کے دارالحکومت بشکک پہنچے تھے. بشکک روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ بشکک میں شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس ہوگا 8 ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقاتیں کروں گا، اس کے علاوہ 3 اہم دو طرفہ ملاقاتیں طے ہیں.

خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تشویش ہے، چین اور روس کے وزرائے خارجہ سے باالخصوص ملنا چاہوں گا. انہوں نے کہا تھا کہ چاہوں گا کہ مستقل 5 ارکان سے مشاورت کروں، واپسی پر خصوصی اجلاس میں بدلتی ہوئی صورتحال کا جائزہ لیں گے جائزے کے بعد ایران کے وزیر خارجہ کو واضح نقطہ نظر دے سکیں گے.