وزارت مذہبی امور پاکستان کو ملنے والے 16 ہزار افراد کے اضافی حج کوٹہ کے حوالے سے تاحال کسی نتیجہ پر نہیں پہنچ سکی

بدھ 22 مئی 2019 13:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2019ء) وزارت مذہبی امور سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کو ملنے والے 16 ہزار افراد کے اضافی کوٹہ کے حوالے سے تاحال کسی نتیجہ پر نہیں پہنچ سکی۔ پرائیویٹ اسکیم کے تحت 2005ء سے حج آپریشن میں حصہ لینے والی کمپنیوں کو آر ایل جاری کردیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کو ملنے والا 16 ہزار کا اضافی حج کوٹہ پرائیویٹ اور سرکاری اسکیموں میں 40 اور 60 فیصد کے تناسب سے تقسیم کرنے کا فیصلہ ہو چکا تھا تاہم بعد ازاں اس حوالے سے وفاقی کابینہ کی منظوری کو لازمی تصور کیا گیا جس بناء پر سرکاری اسکیم کی قرعہ اندازی ملتوی کرنا پڑی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت میں اس حوالے سے مکمل خاموشی ہے۔ پرائیویٹ ٹوور آپریٹرز کو حج کوٹہ کی تقسیم کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2005ء سے رجسٹرڈ پرانی کمپنیوں کو آر ایل جاری کر دیئے گئے ہیں جبکہ میرٹ پر آنے والی پہلی 120 نئی کمپنیوں میں سے ان کمپنیوں کو یہ خطوط جاری کئے جائیں گے جنہوں نے وزارت کی طرف سے دستاویزات اور دیگر شرائط پوری کی ہوں گی۔ وزارت کی طرف سے ان شرائط کے لئے ان کمپنیوں کو 20 مئی کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔