برسلز،کشمیرکونسل یورپی یونین ‘‘نے کشمیرپر دستخطی مہم کے سلسلے میں سینٹرل اسٹیشن کے سامنے کیمپ لگایا

بدھ 22 مئی 2019 14:06

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2019ء) کشمیرکونسل یورپی یونین نے کشمیر کے حوالے سے یورپ میں اپنی ایک ملین دستخطی مہم تیز کردی ہے ۔ مہم کا مقصد یورپی باشندوں کومسئلہ کشمیرخاص طورپر نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم سے زیادہ سے زیادہ آگاہ کرنا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق منگل کو بیلجئیم کے دارالحکومت برسلزکے مرکزی ریلوے اسٹیشن (سینٹرل اسٹیشن) کے سامنے یورپ چوک میں ایک روزہ دستخطی کیمپ لگایاگیا جس دوران بڑی تعداد میں لوگوں نے دستخطی مہم کی دستاویزات پر دستخط کرکے مظلوم کشمیریوں کے تئیں اپنی حمایت کا اظہارکیا۔

برسلز میں لگائے جانے والے دستخطی کیمپ کی ٹیم میں چیئرمین کشمیرکونسل یورپی یونین علی رضا سید، سینئرکشمیری رہنماء سردار صدیق، ورلڈ کشمیر ڈائس پورہ الائنس یورپ کے صدر چوہدری خالد محمود جوشی، انفو کشمیر کے چیئرمین میرشاجہان، مقامی کونسلر چوہدری محمد ناصر، سید انصارالحسن اور مہرندیم اور دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

پچھلے دوہفتوں کے دوران بیلجیم تیسرا یورپی ملک ہے جہاں دستخطی کیمپ لگائے گئے ۔

قبل ازیں روان ماہ کے اوائل میں ائرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن جبکہ چند روز قبل پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں کیمپ لگائے گئے۔علی رضاسید نے برسلز میںدستخطی کیمپ کے موقع پرذرائع ابلاغ کے نمائندوں بتایا کہ یورپ بھر میں انکی دستخطی مہم اس وقت تک جاری رہیگی جب تک ایک ملین (دس لاکھ) دستخطوں کا ہدف پورا نہیں ہو جاتا۔انھوں نے ممتاز آزادی پسند رہنمائوں شہید میرواعظ مولوی محمد فاروق، شہید خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ ان عظیم شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سات دہائیوں سے مظلوم کشمیریوں کے حقوق غصب کیے ہوئے ہے اور وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاںکر رہا ہے ۔علی رضاسید نے یورپی یونین سے مطالبہ کیاگیاکہ وہ نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم روکنے کیلئے کردار ادا کرے۔ انھوں نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کا حل قوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں وکشمیر میں رائے شماری کرانے میں ہی ہے تاکہ کشمیری اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرسکیں۔