رواں مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 1.376 ارب ڈالر مالیت کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ، سٹیٹ بینک

بدھ 22 مئی 2019 15:36

رواں مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 1.376 ارب ڈالر مالیت کی براہ راست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2019ء) رواں مالی سال کے دوران ملک میں مجموعی طور پر 1.376 ارب ڈالر مالیت کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق جولائی سے لے کر اپریل 2019ء کے اختتام تک پاکستان میں 1.376 ارب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 51.7 فیصد کم ہے ۔

گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 2.85 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ چین، امریکا اور برطانیہ کی جانب سے اس عرصہ میں پاکستان میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے تاہم متحدہ عرب امارات نے گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں پاکستان میں زیادہ براہ راست سرمایہ کاری کی۔

(جاری ہے)

رواں سال کے دوران یو اے ای کی پاکستان میں براہ راست سرمایہ کاری کا حجم 83.6 ملین ڈالر ہے۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں یواے ای نے پاکستان میں 0.8 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی۔ رواں سال ترکی نے پاکستان میں 57.7 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں ترکی نے پاکستان میں کسی قسم کی غیر ملکی سرمایہ کاری میں حصہ نہیں لیاتھا۔ اسی طرح سوئٹزر لینڈ اور سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ دیکھنے میںآیا ہے۔