فیڈرل بورڈ آف ریونیوکے چئیرمین سید محمد شبرزیدی سے چین کے سفیر یاوجنگ ، عالمی بنک کے ڈائریکٹرکی ملاقات

چینی ریونیو اتھارٹی اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو دونوں ادارے ایک دوسرے کے کامیاب تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، چینی سفیر

بدھ 22 مئی 2019 16:27

فیڈرل بورڈ آف ریونیوکے چئیرمین سید محمد شبرزیدی سے چین کے سفیر یاوجنگ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2019ء) پاکستان میں چین کے سفیر یاوجنگ نے کہاہے کہ چینی ریونیو اتھارٹی اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے اشتراک سے دونوں ادارے ایک دوسرے کے کامیاب تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں فیڈرل بورڈ آف ریونیوکے چئیرمین سید محمد شبرزیدی سے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرزمیں ملاقات کے دوران کہی ۔

ایف بی آر کے ترجمان کے مطابق پاکستان میں چین کے سفیر یائوچنگ اور پاکستان کیلئے عالمی بنک کے ڈائریکٹرالانگووان پیچموتو نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں الگ الگ ملاقاتیں کی۔ چینی سفیر نے ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس کے شعبے میں اٹھائے جانیوالے اقدامات کی تعریف کی۔ انہوں نے ایف بی آر کی طرف سے ٹیکس گزاروں کی سہولت اور خاص طور پران کی شکایات دور کرنے پر لئے گئے اقدامات کو سراہا۔

(جاری ہے)

چینی سفیر نے شبر زیدی کی بطور چئر مین ایف بی آر تعیناتی کو خوش آئند قراردیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں ایف بی آر اپنے تمام اہداف کو بخوبی پورا کر لے گا۔چینی سفیر نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ چینی ریونیو اتھارٹی اور ایف بی آر کے اشتراک سے دونوں ادارے ایک دوسرے کے کامیاب تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ چیرمین ایف بی آر سے پاکستان کیلئے عالمی بنک کے ڈائریکٹرالانگووان پیچموتو نے بھی ملاقات کی ۔

عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر نے ایف بی آر کی طرف سے ٹیکس گزاروں کی سہولت اور خاص طور پران کی شکایات دور کرنے پر لئے گئے اقدامات کو سراہا۔ کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک پاکستان نے شبر زیدی کی بطور چئر مین ایف بی آر تعیناتی کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں ایف بی آر اپنے تمام اہداف کو بخوبی پورا کر لے گا۔ ایف بی آر کو ٹیکس اصلاحات اور کاروباری دوستانہ اقدامات کو اپنانے میں عالمی بنک پہلے سے ہی ایف بی آر کے ساتھ تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔