ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ سے ترقیاتی منصوبوں کی مالیت میں بھی اضافہ ہو گیا

ترقیاتی منصوبوں کی لاگت میں 9 کھرب 45 ارب روپے کا تشویش ناک اضافہ ہوا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 22 مئی 2019 16:18

ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ سے ترقیاتی منصوبوں کی مالیت میں بھی اضافہ ہو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 مئی 2019ء) : ڈالر کی قیمت میں مسلسل اُتار چڑھاؤ جاری ہے جبکہ ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سسطح پر پہنچ چکا ہے۔ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے جہاں مہنگائی کے طوفان کا خدشہ ہے وہیں ترقیاتی منصوبوں کی لاگت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ ڈالر کی قیمت بڑھنے ترقیاتی منصوبوں کی مالیت میں حیرت انگیز حد تک اضافہ ہوا۔ ڈالر کی قدر میں اضافے اور تکنیکی خامیوں سے 134ترقیاتی منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہوا ہے۔

وزارت آبی وسائل کے 22 ترقیاتی منصوبوں کی لاگت میں 648 ارب 21 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔ جبکہ نیشنل ہورٹی کلچر اتھارٹی ( این ایچ اے) کے منصوبوں کی لاگت میں 135 ارب 38 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ ایوی ایشن ڈویژن کے منصوبوں کی لاگت میں 15 ارب 12 کروڑ روپے اور امور کشمیر و گلگت بلتستان منصوبوں کی لاگت میں 14 ارب 92 کروڑ روپے کا ہوشربا اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں گوادر ایئر پورٹ کی لاگت میں 14 ارب 57 کروڑ روپے، گولن گو ل ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی لاگت میں 22 ارب 4 کروڑ روپے، پاکستان ریلوے کے انجن خریداری منصوبے پر 32 ارب 79 کروڑ روپے اور کیال کھاوڑ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ خیبرپختونخواہ پر 19 ارب 1 کروڑ روپے اضافہ ہوگا۔ دستاویزات کے مطابق پاکستان ریلوے کے منصوبوں پر57 ارب، نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی لاگت میں 389ارب، کچی کینال منصوبے پر 49 ارب 14 کروڑ ،منگلا ڈیم توسیع منصوبے میں 34 ارب 30 کروڑ روپے اضافی لاگت آئے گی۔

واضح رہے کہ ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت نے عام عوام کو بھی پریشان کر کے رکھ دیا ہے ، مہنگائی کے طوفان نے عام عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا جبکہ حکومت کو بھی ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے کافی ٹف ٹائم کا سامنا کرنا پڑا۔