سکیورٹی ڈپلائمنٹ کو مزید متحرک اور مربوط بنایا جائے، آئی جی سندھ کی ہدایت

بدھ 22 مئی 2019 16:47

سکیورٹی ڈپلائمنٹ کو مزید متحرک اور مربوط بنایا جائے، آئی جی سندھ کی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2019ء) آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے ہدایت دی ہے کہ رمضان المبارک کے دوسرے اور تیسرے عشرے کی مناسبت سے سکیورٹی ڈپلائمنٹ کو مزید متحرک اور مربوط بنایا جائے۔ یہ ہدایت انہوں نے اپنی زیرصدارت بدھ کو پولیس ہیڈآفس میں منعقدہ اجلاس میں دیں۔ اجلاس میں سندھ ریزرو پولیس کے مجموعی امور وذمہ داریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کی خریداری کے حوالے سے تمام مرکزی شاپنگ سینٹرز، بازاروں،صرافہ مارکیٹوں وغیرہ پر سکیورٹی ڈپلائمنٹ کو مربوط اور مؤثر بنایا جائے۔ مذکورہ تمام علاقوں میں ٹریفک کی روانی سمیت پارکنگ کے مجموعی اقدامات کو انتہائی بہترین، عمدہ اور مؤثربنایا جائے۔ ممکنہ ایمرجینسی یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ایس آر پی اینٹی رائٹس ریزرو پلاٹونز کو تیار حالت میں رکھا جائے۔ ماہ صیام کی مناسبت سے تعینات ایس آر پی ڈپلائمنٹ کے استعمال کو ناصرف غیرمعمولی بنایا جائے بلکہ وقتاً فوقتاً سکیورٹی فرائض اور ذمہ داریوں کی بابت انہیں بریفنگ بھی دی جائے۔ سندھ بھر میں مختلف مقامات/پوائنٹس پر 1700پولیس افسران اورجوان خدمات انجام دے رہے ہیں۔